آپریشن سے قبل مریض کو خون کا عطیہ، ڈاکٹر محمد فواز کی انسانیت نوازی

   

نئی دہلی: کورونا وبا کے دوران دہلی ایمس کے ایک ڈاکٹر نے مثال قائم کر دی ہے۔ مریض کی جان بچانے کے لئے انہوں نے جس جذبہ انسانیت کا مظاہرہ کیا اس کی سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی ہو رہی ہے۔ دراصل ایمس میں پہنچے مریض کی حالت نازک تھی اور اسے فوری طور پر خون کی ضرورت تھی۔مریض کے اہل خانہ اس وقت تک اسپتال نہیں پہنچے تھے اور ڈاکٹر فواز کو اس کا آپریشن کرنا تھا۔ بڑے دل کے مالک اس ڈاکٹر نے پہلے اپنے خون کا عطیہ کیا اور اس کے بعد سرجری انجام دی۔ سوشل میڈیا پر ڈاکٹر فواز کی خون کا عطیہ دینے والی تصویر وائرل ہو رہی ہے اور لوگ ان کی فرض کی بحسن خوبی انجام دہی کی مثال دے رہے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 24 سالہ ڈاکٹر محمد فواز دہلی ایمس کے شعبہ سرجری میں تعینات ہیں۔ منگل کے روز 21 جولائی کو ان کے شعبہ میں ایک مریض کو داخل کیا گیا، جس کے بائیں پیر میں انفیکشن کی وجہ سے سیپٹک ہو چکا تھا۔ مریض کو فوری طور پر خون کی ضرورت تھی ایسے حالات میں ڈاکٹر فواز نے اپنے خون کا عطیہ کر دیا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فواز نے کہا، ’’مریض اپنی بیوی کے ساتھ آیا تھا، جو کہ خون کے عطیہ کے لئے جسمانی طور پر صحت مند نہیں تھی۔ میں مریض کو جلد از جلد آپریشن تھیٹر لے جانا چاہتا تھا اور انفیکشن سے متاثرہ حصوں کو نکال دینا چاہتا تھا تاکہ مریض کو حالت کو مستحکم کیا جا سکے۔‘‘