آپریشن کے دوران ڈاکٹرس قینچی مریض کے پیٹ میں بھول گئے

   

نمس اسپتال میں ڈاکٹرس کی لاپرواہی کامعاملہ منظرعام پر
حیدرآباد 9 فروری (یو این آئی) ڈاکٹرس کی لاپرواہی کا ایک معاملہ شہر حیدرآباد میں سامنے آیا کیونکہ آپریشن کے دوران ڈاکٹرس ،قینچی خاتون مریض کے پیٹ میں بھول گئے ۔اس واقعہ کے منظرعام پرآنے کے بعد اس خاتون مریض کے رشتہ داروں نے پولیس سے شکایت کی۔تفصیلات کے مطابق نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (نمس) میں خاتون کو پیٹ کے شدید درد پر داخل کرلیاگیا ۔اس 33سالہ خاتون جس کی شناخت شہر حیدرآباد کے منگل ہاٹ علاقہ کی رہنے والی مہیشوری چودھری کے طورپر کی گئی ہے ،کو کئی طرح کی دوائیاں دی گئی تاہم ان کا اس پر کوئی اثر نہیں ہوا اور جب اس درد کی وجہ معلوم کرنے کیلئے اس کے پیٹ کا ایکسرے نکالاگیا تو پتہ چلا کہ اس خاتون کے پیٹ میں قینچی ہے جو قبل ازیں اس کے ہرنیا کے آپریشن کے دوران نمس کے ہی ڈاکٹرس کی لاپرواہی سے چھوڑ دی گئی تھی اور یہی اس کے پیٹ کے درد کی اصل وجہ تھی۔اسپتال کے حکام نے اس قینچی کو نکالنے کے لئے ہفتہ کی صبح اس کا آپریشن کیا۔اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نمس کے ڈائرکٹر ڈاکٹر منوہر نے کہاکہ ڈاکٹرس کی تین رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو اس معاملہ کی جانچ کرے گی اور آئندہ چند دنوں میں اس معاملہ کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ اس سینئر ڈاکٹرس کی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ہی مناسب کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ایسے واقعات شاذونادر ہواکرتے ہیں،تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس خاتون کی سرجری کے بعد وہ جلد ہی صحت یاب ہوجائے گی۔اسی دوران اس خاتون کے رشتہ داروں نے بتایا کہ مہیشوری کا ہرنیا کا آپریشن نمس میں ہی 2دسمبر کو ہوا تھا جس کے بعد سے ہی وہ پیٹ میں شدید درد کی شکایت کر رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس کے پیٹ کے درد میں شدت ہوتی چلی گئی ۔