اندور،26جون(سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے شہر اندور کے گنجی کنپاؤنڈ حلقے میں آج ایک بوسیدہ مکان کو توڑنے کے لیے پہنچنے والے میونسپل کے اہلکاروں کو بی جے پی کے رکن اسمبلی آکاش وجے ورگیہ اور ان کے فرزند نے زدوکوب کیا۔ اس سلسلے میں وائرل ہونے والی ویڈیو میں پارٹی کے جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ کے بیٹے آکاش وجے ورگیہ کرکٹ کے بلے سے میونسپل کے ملازمین کو پیٹتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ اس واقعہ کے بعد اندور۔3 اسمبلی حلقے سے رکن اسمبلی آکاش وجے ورگیہ نے کہا کہ میں بہت غصے میں تھا۔ میں نے کیا کر دیا، مجھے نہیں پتہ۔ اس وقت موقع پر موجود پولیس نے رکن اسمبلی اور ان کے حامیوں کے درمیان سے مارپیٹ کا نشانہ بننے والے دو اہلکاروں کو بچ بچاکر محفوظ باہر نکالا۔ بلدیہ کے افسروں نے مقامی پولیس سے شکایت کرکے سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ ادھر میونسپل کے اہلکاروں نے کام بند کرنے کا اعلان کردیا۔ سوشل میڈیا پر اس مارپیٹ کا ویڈیو خوب وائرل ہو رہا ہے ۔ اعلیٰ پولیس افسران نے کہا کہ تفتیش کے بعد کاروائی کی جائے گی۔