آکوپینسی سرٹیفکٹ نہ رکھنے والے نل صارفین کو عنقریب راحت

   

جرمانہ کی رقم معاف کردیئے جانے کا امکان، دیویندر ریڈی چیف سٹی پلانر جی ایچ ایم سی

حیدرآباد 10 فروری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں ’’آکوپینسی سرٹیفکٹ
‘‘ (Occupancy Certificate) نہ رکھنے والے مالکین مکانات کے لئے نل کے بلوں پر زائد رقومات کی وصولی کو ختم کرنے کی تجویز ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں ’’حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ‘‘ کی جانب سے آکوپنسی سرٹیفکٹ رکھنے کے نام پر مالکین مکانات سے نل کے بلوں پر بڑے پیمانے پر جرمانوں کی شکل میں ہر ماہ بھاری رقومات وصول کئے جارہے ہیں لیکن گزشتہ صرف چند دن قبل ہی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے مابین تال میل ہونے کے پیش نظر ایک طویل عرصہ سے نل کے بلوں کے ذریعہ بھاری رقومات پر مبنی جرمانہ جو وصول کیا جارہا تھا اب بہت جلد یہ زائد وصول کیا جانے والا مالی بوجھ کم ہونے کا امکان ہے۔ آکوپینسی سرٹیفکٹ کی عدم موجودگی کے نام پر ان ہی مالکین مکانات پر عائد کئے جانے والی اور وصول کی جانے والی رقم کے طریقہ کار کو ختم کردینے کے لئے بہت جلد فیصلہ کئے جانے کے بعد مالکین مکانات کو راحت حاصل ہوگی۔ ذرائع کے مطابق 200 مربع میٹر اراضی کے رقبہ پر منظورہ پلان سے ہٹ کر زائد فلورس تعمیر کی جانے والی عمارتوں کو ’’آکوپینسی سرٹیفکٹ‘‘ نہ دینے کے باوجود نل کے بلوں پر عائد کئے جانے والے جرمانے کی رقم کو معاف کردینے کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلہ میں بہت جلد باقاعدہ طور پر احکامات جاری کئے جائیں گے۔ بلدیہ کے ٹاؤن پلاننگ شعبہ سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کے مطابق ایسے مالکین مکان جنھوں نے جی ایچ ایم سی سے منظورہ پلانس سے ہٹ کر کوئی زاید فلورس کی تعمیر نہ کئے ہوں اور ان کے ہاں ’’اکوپینسی سرٹیفکٹ‘‘ موجود نہ ہو، ان مالکین مکانات کے نلوں کی بل پر عائد کئے جانے والے بھاری جرمانے معاف کردیئے جائیں گے۔ اسی دوران ایس دیویندر ریڈی چیف سٹی پلانر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ منظورہ پلانس سے انحراف کرکے زاید فلورس کی تعمیر عمل میں لانے والے مالکین مکانات پر عائد کئے جانے والے جرمانے معاف نہیں کئے جائیں گے بلکہ منظورہ پلانس کے مطابق ہی مکانات تعمیر کرلینے اور انھیں آکوپینسی سرٹیفکٹ جاری نہ کیا گیا ہو ایسے مالکین مکانات پر اب تک عائد کئے جانے والے جرمانے کی رقومات کو معاف کردیا جائے گا۔