نئی دہلی ۔ 4 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے پی ایل پونیا نے منگل کے روز راجیہ سبھا میں کہا کہ پردھان منتری آیو شمان بھارت اسکیم میں بھاری مالی بے ضابطگیاں ہو رہی ہے جس کی وسیع پیمانے پر جانچ کرائی جانی چاہئے ۔ پونیا نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ آیوشمان بھارت میں اسپتالوں کے ساتھ ملکر کچھ لوگ مالی بے ضابطگیاں کر رہے ہیں ۔ غیر مستحق لوگوں کے آیوشمان کارڈ بنائے جا رہے ہیں اور اسپتال کے ساتھ ملکر سرکاری پیسہ لیا جا رہا ہے ۔ایک ہی شخص کے دو دو کارڈ بنائے جا رہے ہیں اور ایک ہی وقت میں وہ دو اسپتالوں میں داخل ہے اور دونوں اسپتال حکومت سے پیسہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسی بے ضابطگیوں کو روکنے کیلئے جانچ کرانی چاہئے اور سخت اقدامات کرنے چاہئے ۔ ایم ڈی ایم کے کے وائیکو نے کہا کہ چینائی میں سپریم کورٹ کی بنچ قائم کی جانی چاہئے ۔ اس سے جنوبی ہندوستان کے لوگوں کو انصاف حاصل کرنے آسانی ہوگی ۔