اٹلی اور اسرائیل کا فٹبال میچ، فلسطینی حامی مظاہرین کی پولیس سے جھڑپیں

   

روم، 15 اکتوبر (یو این آئی) اٹلی نے اسرائیل کو فیفا ورلڈ کپ 2026 سے باہر کر دیا۔ فیفا ورلڈ کپ کوالیفائی میچ میں اٹلی نے اسرائیل کو 0-3 سے شکست دی۔ فیفا ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ میں اسرائیل اور اٹلی کے درمیان ہونے والا مقابلہ احتجاجی مظاہروں کی زد میں آ گیا، اسرائیل کے خلاف شدید عوامی ردِعمل کے باعث شہر کی فضا کشیدہ ہو گئی۔ ہزاروں اطالوی شہریوں نے اسٹیڈیم کی جانب مارچ کیا تو پولیس سے شدید جھڑپیں ہوئیں، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن اور آنسو گیس کے شیل فائر کیے ۔ جھڑپوں کے دوران کئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے ، میچ کے دوران اسٹیڈیم کے باہر افراتفری کا عالم رہا۔ دوسری جانب کھیلوں کی ثالثی عدالت کی جانب سے اسرائیل کی اپیل مسترد کردی گئی، جمناسٹکس ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کی اجازت نہیں ملی۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کو انڈونیشیا میں آرٹسٹک جمناسٹکس ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کی اجازت نہ ملی، کھیلوں کی ثالثی عدالت نے اسرائیلی جمناسٹکس فیڈریشن کی اپیل کو خارج کردیا ہے ۔ انڈونیشیا نے اسرائیلی جمناسٹس کو ویزا دینے سے انکار کردیا تھا، اسرائیل نے عالمی جمناسٹکس فیڈریشن سے شرکت کی ضمانت یا ایونٹ منسوخی کا مطالبہ کیا تھا۔ کھیلوں کی ثالثی عدالت نے اسرائیل کی دونوں درخواستیں مسترد کردیں، عالمی جمناسٹکس فیڈریشن کا کہنا ہے انڈونیشیا کی ویزا پالیسی پر اس کا کوئی کنٹرول نہیں۔ انڈونیشیا کی حکومت نے گزشتہ ہفتے اسرائیلی کھلاڑیوں کے اپنے ملک میں داخلے اور انھیں ویزہ فراہم کرنے سے انکار کیا تھا۔ خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی انڈونیشیا فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیلی وفود کی میزبانی سے انکار کرتا آیا ہے ۔