حیدرآباد۔ 11مارچ (سیاست نیوز ) مقامی طالب علم جو اٹلی سے واپس ہوامیں کوروناوائرس کی علامات مثبت پائی گئیں۔ اے پی کے ضلع نیلور سے تعلق رکھنے والے اس طالب علم کے بارے میں ضلع انتظامیہ نے کہا کہ اس کے جانچ کے نتائج مثبت پائے گئے ۔اس کے ساتھ ہی ضلع انتظامیہ چوکس ہوگیا جس نے ایس وی آئی ایم ایس کی جانب سے کی گئی جانچ کی رپورٹ کی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرلوجی پونے کی جانب سے توثیق کی صورت میں کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کے لئے ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا۔جوائنٹ کلکٹر ڈاکٹرونود کمار واسودیو،بلدی کمشنر پی وی وی ایس مورتی اورڈی ایم و ایچ او ڈاکٹر جی راجیہ لکشمی نے آنگن واڑی و آشاورکرس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی۔یہ ٹیمیں ضلع نیلور کے ڈیویثرن نمبر42اور49میں تشکیل دی گئیں۔اس طالب علم کے ہندوستان واپس ہونے پر اس کو گھرمیں الگ تھلگ رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی۔کھانسی اور دیگر شکایات پر اس کو فوری طورپر اسپتال کے الگ تھلگ وارڈ میں رکھاگیا اور اس کے مختلف طبی معائنے کئے گئے جس میں اس کی اس موذی وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی تاہم اس کی رپورٹس کو پونے بھی بھیجنے کا فیصلہ کیاگیا تا کہ پونے سے اس تعلق سے تصدیق کے بعد مزید احتیاطی اقدامات کئے جاسکیں۔