روم: اٹلی کے سارڈینیا جزیرے پر 50 سے زیادہ جنگلات میں آگ لگنے کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے ۔ سیاحوں اور ہزاروں باشندوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ فائر فائٹرز کی ٹیمیں طیاروں کے ذریعے جنگل کی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن یہاں ہوا کی رفتار تیز ہونے کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہے ۔ پوساڈا کے کونسلر جیورجیو فریسو نے کہا کہ فائر فائٹرز کی بھاری تعیناتی کے باوجود تیز ہوا کی رفتار کی وجہ سے جنگل کی آگ پر قابو پانا مشکل ہے ۔جنگل میں لگنے والی آگ میں چار افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک 78 سالہ خاتون بھی شامل ہیں۔ خاتون کے ہاتھ پاؤں جھلس گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق، پیر کے روز دیر رات تک مقامی وقت کے مطابق، جزیرے کے شمالی اور مشرقی حصوں میں چھٹیوں پر آنے والے درجنوں سیاحوں سمیت تقریباً 600 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ دارالحکومت کیگلیاری کے میئر نے پارکوں اور قبرستانوں کو بند کرنے کا حکم دیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگنے سے مجموعی طور پر 750 ہیکٹر سے زائد رقبہ جل کر خاک ہو گیا ہے ۔ سارڈینیا کے گورنر سولیناس نے جنگل میں لگنے والی آگ کی وجہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور آگ سے نمٹنے کیلئے قومی حکومت سے مالی اور تکنیکی مدد بھی مانگی۔