روم : اٹلی کے شمالی علاقے ایمیلیا۔روماگنا میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور ہزاروں اپنے گھروں سے محفوظ مقام پر منتقلی پر مجبور ہو گئے۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق شہری تحفظ کے وزیر نیلو موسیمچی نے کہا کہ کچھ علاقوں میں صرف 36 گھنٹوں میں اوسطاً اتنی بارش ہے جتنی نصف سال میں ہوتی ہے جس کی وجہ سے دریا ابل پڑے اور ہزاروں ایکڑ اراضی زیر آب آ گئی۔ایمیلیا-روماگنا کے نائب صدر آئرین پریولو نے صحافیوں کو بتایا کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے آٹھ افراد کی لاشیں نکال لی گئیں، بارشوں کی تعداد اب کم ہو رہی ہے لیکن دریا کی سطح اب بھی بلند ہو رہی ہے۔امولا میں اس ہفتے کے آخر میں فارمولا ون ریس کا انعقاد ہونا تھا جہاں یہ مقام بارشوں سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے قریب واقع ہے لیکن حکومت نے متعلقہ اداروں کے مشورے پر فارمولا ون ریس کو ملتوی کردیا۔فارمولا ون کے منتظمین نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کیونکہ ہمارے مداحوں، ٹیموں اور عہدایداروں کے لیے اب ایونٹ کا انعقاد ممکن نہیں رہا۔