روم۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)اٹلی میں آلٹو ایڈیز علاقے کے بولزانو علاقے میں تیز رفتاری سے آ رہی ایک گاڑی جرمنی سے آئے سیاحوں کے گروپ پر چڑھ گئی جس کے سبب چھ لوگوں کی دردناک موت ہو گئی اور قریب 11 افراد زخمی ہو گئے ۔رپورٹوں کے مطابق یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق اتوار کو تقریباً ایک بجے اس کی مشہور اھرنتل ویلی میں پیش آیا۔اٹلی ریڈ کراس (سی آر آئی) نے کہا ‘‘واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد سي آراي کے رکن فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے ۔ حادثے میں چھ نوجوانوں کی موت ہوئی ہے جبکہ 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ سی آرای نے اس واقعہ میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے‘‘ ۔اٹلی خبر رساں ایجنسی اے این ایس اے کے مطابق ایک 28 سالہ ڈرائیور تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے آ رہا تھا اور اس نے اچانک بس اسٹینڈ کے پاس کھڑے سیاحوں کے گروپ پر گاڑی چڑھا دی۔ اے این ایس اے کے مطابق گاڑی کا ڈرائیور نشے میں تھا اور اسے گاڑی سے قتل کرنے کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تمام مہلوکین جرمنی کے شہری تھے اور چھٹیوں منانے کے لئے یہاں گھومنے آئے ہوئے تھے ۔