اٹلی کا شہر مونفالکن جہاں مسلمانوں کیلئے کوئی مسجد نہیں

   

روم: اٹلی کے شمال مشرقی شہر مونفالکن میں نماز جمعہ کیلئے سینکڑوں مسلمان کنکریٹ کی پارکنگ میں سجدہ ریز ہیں۔شہر کی انتہائی دائیں بازو کی میئر نے وہاں موجود دو ثقافتی مراکز میں نومبر سے نماز ادا کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔مونفالکن کے رہائشی مسلمانوں کو نماز کی ادائیگی کیلئے علاقہ میں موجود خانگی ملکیتی تعمیراتی جگہ پر جمع ہونا پڑتا ہے۔ وہاں موجود مسلمانوں کا کہنا ہیکہ ہم عدالتی فیصلے کے منتظر ہیں جو رواں ماہ کے آخر تک متوقع ہے تاکہ اس معاملے کا حل نکلے، ان کا کہنا ہیکہ مذہبی رسوم کے ان کے آئینی حق کو روک دیا گیا ہے۔ خانگی تعمیراتی جگہ کے مالک رجا الحق نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہیکہ شہر میں بسنے والے مسلمانوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے جس پر افسوس ہے حالانکہ ہم اس شہر کو اپنا گھر سمجھتے ہیں۔
یہاں موجود بنگلہ دیش نژاد اطالوی شہری نے بتایا کہ میں 2006 سے یہاں ہوں اور ٹیکس ادا کرتا ہوں، آپ بتائیں ہم کہاں جائیں؟۔