اپارٹمنٹس یا فلیٹ کی خریدی کے دوران احتیاط سے کام لینے کی ضرورت، رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی کی اجازت کے بغیر تعمیرات، خریداروں کو انتباہ

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔18اگسٹ(سیاست نیوز) ریاست بالخصوص شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں اب کسی بھی ایسے اپارٹمنٹ یا فلیٹ کی خریدی کیلئے خود خریدار ذمہ دار ہوں گے۔رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی نے اب شہر میں جاری تعمیرات پر اعلامیہ کی اجرائی کا عمل شروع کردیا ہے اور جو تعمیرات رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی کی اجازت کے بغیر عمل میں لائی جا رہی ہیں ان تعمیرات کے سلسلہ میں واضح طور پر یہ کہا جا رہا ہے کہ ان اپارٹمنٹس میں فلیٹس کی خریداری کے جو نتائج ہوںگے اس کے لے خریدار ذمہ دارہوں گے۔ گذشتہ ہفتہ RERAکی جانب سے شہر میں جاری تعمیرات کے سلسلہ میں رپورٹ تیار کرنے کے احکام دیئے گئے ہیں اوردو زیر تعمیر رہائشی عمارتوں میں فلیٹس کی خریداری پر انتباہ جاری کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ دونوں شہروں میں جن مقامات پر تعمیراتی اجازت نامہ طلب کیا گیا ہے ان مقامات کا جائزہ اور ان بلڈرس کی جانب سے RERA کے ذمہ داروں کو مطلع کئے جانے اور اجازت کے حصول کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ RERAکے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے بلڈرس کے خلاف کاروائی کی جائے گی اور ان عمارتوں کے انہدام کے سلسلہ میں فوری کاروائی کرنے کی ہدایات بھی جاری کی جائیں گی اسی لئے خریداروں اور بلڈرس کو چاہئے کہ وہ اس معاملہ میں کسی بھی غلط فہمی کا شکار نہ رہیں کیونکہ RERAکی جانب سے منظوری حاصل نہ کرنے والی جائیدادوں کو فروخت کرنا بھی غیر قانونی ہے اور ان جائیدادوں کے خریدار عواقب و نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے۔دونوں شہرو ںمیں جاری تعمیرا ت کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی عہدیدارو ںکا کہناہے کہ اب تک جی ایچ ایم سی کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات سے اگرضروری ہوتو اجازت حاصل کی جاتی تھی لیکن اب رہائشی اپارٹمنٹ اگر فروخت کرنے کیلئے تعمیر کئے جا رہے ہیں تو ان کے منصوبہ اور تمام تفصیلات بشمول جی ایچ ایم سی سے حاصل کئے گئے اجازت نامہ کو بھی RERAمیں جمع کرواتے ہوئے ان سے اجازت نامہ حاصل کرنا لازمی ہے اور اگر کوئی ایسا نہ کرتے ہوئے تعمیرات کے دوران یا تعمیرات کے بعد فلیٹس فروخت کرتے ہیں تو رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی کو اختیار ہے کہ وہ ان عمارتوں کے خلاف بڑے پیمانے پر سخت کاروائی کرے ۔بتایاجاتا ہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی کی جانب سے شہر حیدرآباد کے علاوہ اطراف کے علاقوں میں عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے شعور بیداری پروگرامس منعقد کئے جانے کا منصوبہ ہے تاکہ شہریوں کو دھوکہ دہی کے ذریعہ فلیٹس فروخت کرنے والوں سے چوکنا کیا جاسکے تاکہ انہیں کسی قسم کا نقصان نہ ہونے پائے۔