حیدرآباد 6 نومبر (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ شیورام پلی راجندر نگر میں ایک موبائل فون ٹیکنیشن کی پراسرار موت نے علاقہ میں سنسنی پھیلا دی۔ چہارشنبہ کی رات اس کی لاش ایک اپارٹمنٹ سے برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 28 سالہ احمد علی ساکن کالا پتھر کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ ایک خاتون کے ساتھ مذکورہ فلیٹ میں مقیم تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک ٹیم جائے وقوع پر پہنچی تو احمد مردہ حالت میں پایا گیا جبکہ اس کے ساتھ ایک خاتون بیہوش تھی اور ایک دیگر شخص سعید نیم ہوش میں پایا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے شبہ ہے کہ تینوں نے نشہ آور دوا کا زیادہ استعمال کیا۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ یہ لوگ منشیات ریڈ ہلز علاقہ سے کسی دوست کے ذریعہ حاصل کرکے استعمال کررہے تھے۔ احمد علی کی نعش کو عثمانیہ ہاسپٹل کے مردہ خانے منتقل کردیا گیا جبکہ خاتون جو کرنول (آندھرا پردیش) کی متوطن بتائی گئی ہے، کو علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ انسپکٹر راجندر نگر پولیس اسٹیشن کے کاسٹرو کے مطابق سعید اور مذکورہ خاتون کے خون میں نشہ آور مواد کی موجودگی ثابت ہوئی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی اس بات کا باضابطہ تعین کیا جاسکے گا کہ احمد نے کونسے منشیات استعمال کیا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ب
