اپارٹمنٹ میں گیس سلینڈر دھماکہ، ایک ہندوستانی ہلاک

   

Ferty9 Clinic

دوبئی ۔ 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک اپارٹمنٹ میں پکوان گیس سلینڈر کے پھٹنے سے ایک 47 سالہ ہندوستانی ہلاک ہوگیا۔ منقول نامی علاقہ میں واقع عمارت کی چھٹویں منزل پر اس وقت دھماکہ ہوا جب میکانک گیس اخراج کو درست کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ دوبئی پولیس نے بھی اس حادثہ کی توثیق کی اور کہا کہ مہلوک شخص کی صرف VS کی حیثیت سے شناخت ہوئی جو ہندوستان کے شہر لکھنؤ کا ساکن بتایا گیا ہے۔ وہ دھماکہ والے اپارٹمنٹ کے متصلہ فلیٹ میں اپنی 11 سالہ اور 16 سالہ بیٹیوں کے ساتھ رہا کرتا تھا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق زخمی ہونے والوں کی تعداد تین بتائی گئی ہے۔ اس موقع پر مہلوک کی اہلیہ نے بتایا کہ دھماکہ ہمارے پڑوس کے فلیٹ میں ہوا جس کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ ہمارے فلیٹ کی چھت بھی منہدم ہوگئی اور ہر طرف ملبہ پھیل گیا جبکہ ایک بڑا دروازہ اس کے شوہر VS پر آ گرا اور جسم پر کئی جگہوں پر گہرے زخم آئے۔ اسے فوری ایک قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ VS کے ارکان خاندان اس کی نعش کو ہندوستان منتقل کرنا چاہتے ہیں۔