حیدرآباد۔/28 ستمبر ( سیاست نیوز) شہر میں شدید بارش کے بعد حمایت ساگر میں پانی کے بہاؤ کے نتیجہ میں اپا چیروو تالاب لبریز ہوگیا اور اضافی پانی سڑک پر آجانے سے شمس آباد ایر پورٹ اور اطراف و اکناف کی سڑکوں پر ٹریفک کو روک دیا گیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد این پرکاش ریڈی نے کہاکہ قومی شاہراہ 44 پر جانے والی ٹریفک یعنی گگن پہاڑ ولیج، آرام گھر چوراہا، شمس آباد ایر پورٹ روڈ، کرنول اور بنگلور جانے والی ٹریفک کا رُخ نہرو آؤٹر رنگ روڈ کی سمت کردیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق شمس آباد تا تلنگانہ پولیس اکیڈیمی کی سمت جانے والی ٹریفک کا رُخ درگاہ خلیج خان ؒ، قسمت پور ، بدویل اسٹنشن، پلر نمبر 194، آرام گھرکی سمت کردیا گیا تھا۔ اسی طرح پولیس نے لکشمی گوڑہ جنکشن کی ٹریفک کو جل پلی پہاڑی شریف روڈ شمس آباد ایر پورٹ کی سمت موڑ دیا تھا۔ اس ہنگامی صورتحال کے نتیجہ میں سائبر آباد ٹریفک پولیس نے ٹوئٹر اور دیگر سوشیل میڈیا پر عوام کو آگاہ کرتے ہوئے براہ آرام گھر ایرپورٹ روڈ جانے والی ٹریفک کو متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔ اسی دوران پولیس کمشنر سائبرآباد مسٹر اسٹیفن رویندرا نے بھی حمایت ساگر اور دیگر نشیبی علاقوں کا اپنے ماتحت عہدیداروں کے ساتھ دورہ کیا اور عوام کو چوکس رہنے کی ہدایت دی۔ ہنگامی صورتحال میں ڈائیل 100 پر ربط پیدا کرنے کا مشورہ دیاگیا ۔ب