اپریل سے لنک ٹکٹ متعارف ٹرینوں میں سفر کرنے والوں کے لیے نئی سہولت

   

حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ٹرینوں کے ذریعہ طویل فاصلوں کے سفر کے دوران اکثر دیکھا جاتا ہے کہ طویل مسافت کے لیے ایک سے زیادہ ٹرینوں پر سوار ہونا پڑتا ہے اور بسا اوقات منزل مقصود تک رسائی کے لیے ایک ٹرین کو چھوڑ کر دوسری ٹرین میں سوار ہونا پڑتا ہے اور اس طرح کے سفر میں دوسرے مقام سے ٹرین کے چھوٹ جانے کا خوف اور پہلی ٹرین کے دوسرے مطلوبہ اسٹیشن پر وقت پر عدم رسائی کے خدشے رہتے ہیں اور بعض وقت اپنی سہولت کے مطابق سفر کو ترجیح دی جاتی ہے لیکن اب ان تمام مسائل کے حل کے لیے ریلوے نے ’ لنک ٹکٹ ‘ متعارف کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ جس پر یکم اپریل سے عمل آوری ہوگی ۔ مسافرین کو اس وقت ٹرین ٹکٹ بک کروانے کے لیے 2 سہولیات دستیاب ہیں جن میں عصری سہولت آن لائن بنکنگ اور دوسری روایتی سہولت پاسنجر ریزرویشن سسٹم ( پی آر ایس ) ہے تاہم 60 فیصد سے زیادہ ٹکٹ آئی آر سی ٹی سی کی ویب سائٹ سے بکنگ کی جاتی ہیں جب کہ باقی ٹکٹوں کے لیے پی آر ایس سہولت کے ذریعہ فراہم کیا جاتا ہے ۔ تاہم ان دنوں طریقوں سے مسافرین لنک ٹکٹ بھی بک کرواسکتے ہیں جس کی سہولت یہ ہوگی کہ ایسے مسافرین جو کہ اپنی منزل مقصود تک رسائی کے لیے ایک سے زیادہ ٹرینوں میں سوار ہوتے ہیں تو انہیں ہر ٹرین کے لیے علحدہ ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ وہ کسی بھی مقام سے ایک ٹکٹ لنک سہولت کے ساتھ خرید سکتے ہیں جو کہ انہیں ایک سے زیادہ ٹرینوں میں سفر کی سہولت فراہم کردے گی ۔۔