اپریل میں انٹر میڈیٹ امتحانات کا امکان

   

پرچہ سوالات 70 فیصد نصاب پر مشتمل ہوگا ‘ جلد اعلامیہ متوقع
حیدرآباد : انٹرمیڈیٹ امتحانات 2021 ء کے اپریل میں انعقاد کے امکانات ہیں ۔ پراکٹیکل امتحانات اپریل کے دوسرے ہفتہ میں ہوسکتے ہیں ۔ تھیوری اور پراکٹیکل امتحانات کیلئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے عنقریب اعلان کیا جائے گا ۔ بورڈ عہدیداروں نے بتایا کہ یکم فبروری سے جونیر کالجس کی کشادگی عمل میں آرہی ہے ۔ دو ماہ کلاسیس کے بعد اپریل کے آخری ہفتہ میں امتحانات کا آغاز ہوگا جو اپریل کے درمیانی ماہ تک جاری رہیں گے ۔ تھیوری امتحانات سے قبل پراکٹیکل کا انعقاد ہوگا ۔ دونوں کا شیڈول جاری کرنے میں بورڈ عہدیدار مصروف ہیں ۔ حکومت نے یکم فبروری سے تعلیمی اداروں کے کشادگی کی اجازت دی ہے ۔ نویں جماعت سے کلاسیس شروع کرنے تیاریاں ہورہی ہیں ۔ بورڈ نے فیس نوٹیفیکیشن جاری کرنے تیاریوں میں تیزی پیدا کردی ۔ امتحان کے پیاٹرن میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے ۔ بورڈ کی جانب سے پرچہ سوالات میں زیادہ امکانات دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ طلبہ کو 7 سوال دے کر تین کا جواب تحریر کرنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ پہلے 5 دے کر تین کا جواب لکھنے کی شرط ہوتی تھی ۔ نصاب کو 70 فیصد تک محدود رکھا جارہا ہے ۔ ماباقی 30 فیصد اسائنمنٹ اور پراجکٹ پر مشتمل رہے گا ۔ انٹر طلبہ کیلئے /31 مارچ تک دوردرشن اور ٹی سیاٹ چینلس پر ڈیجیٹل آڈیو ۔ ویوژول لکچرس رہیں گے ۔ محکمہ تعلیم نے جونیر کالجس کی کشادگی کیلئے رہنما خطوط جاری کئے ہیں ۔ اندرون 300 طلبہ کو کشادہ ہالس ، ریگولر شفٹ 9.30 تا شام 4 بجے پڑھانے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ 300 سے زائد طلبہ کی صورت میں دو شفٹوں صبح 8.30 تا دوپہر 12.30 بجے تک ایک شفٹ پھر دوپہر 1.30 بجے تا شام 5.30 بجے تک دوسری شفٹ میں تعلیم کے احکامات جاری کئے گئے ۔ ساتھ ہی کالج انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہر بنچ پر صرف ایک طالب علم اس طرح ایک کلاس میں صرف 30 طلبہ کو بٹھائیں ۔ اس کے علاوہ کووڈ۔19 کے رہنمایانہ اصولوں پر سختی سے عمل آوری کریں ۔