اپریل میں تھوک مہنگائی میں 15.08فیصد اضافہ

   

نئی دہلی: ہول سیل پرائس انڈیکس پر مبنی افراط زر اپریل 2022میںسالانہ بنیاد پر 15.08فیصد رہا۔ تھوک مہنگائی پچھلے سال اپریل میں 10.74فیصد اور مارچ 2022میں 14.55فیصد تھی۔ وزارت تجارت و صنعت کی جانب سے منگل کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مہنگائی کی شرح میں اضافہ معدنی تیل، بنیادی دھاتوں، قدرتی گیس، خوراک اور غیر خوردنی اشیاء اور کیمیکلز کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ہوا ہے ۔ ہول سیل پرائس انڈیکس پر مبنی افراط زر اب ایک سال سے زائد عرصے سے 10فیصد سے اوپر ہے ۔اس سال مارچ کے مقابلے اپریل کے لیے تھوک قیمت کا اشاریہ 2.08فیصد بڑھ گیا۔اس وقت خوردہ افراط زر کا دباؤ بھی زیادہ ہے ۔ اپریل میں خوردہ افراط زر بڑھ کر 7.79فیصد ہو گیا، جو ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے 2-6فیصد کے ہدف سے بہت زیادہ ہے ۔ اس سے آر بی آئی پر پالیسی ریٹ بڑھانے کا دباؤ پڑتا ہے ۔ آر بی آئی نے اس مہینے کے شروع میں اپنے ریپو ریٹ کو 4سے بڑھا کر 4.40فیصد کر دیا تھا۔
آئی سی آر اے میں ماہر اقتصادیات ادیتی نائر نے کہاکہ تھوک مہنگائی 10 فیصد سے اوپر رہنے کو دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ ریزرو بینک جون کی مانیٹری پالیسی کے جائزے میں پالیسی شرح میں مزید اضافہ کرے گا۔ ہمارا خیال ہے کہ جون 2022 تک آر بی آئی ریپو میں 0.40 فیصد اضافہ کرے گا اور اگست میں اسے 0.35 فیصد تک بڑھایا جا سکتا ہے ۔ اگلے سال کے وسط تک ریپو ریٹ 5.5 فیصد تک جا سکتا ہے ۔