اپریل کے اضافی برقی بلز کو ماہ مئی میں منہا کرنے پر توجہ

   

صارفین کو محکمہ برقی کے ویب سائیٹ پر فون نمبر درج کروانے کا مشورہ
حیدرآباد۔22اپریل(سیاست نیوز) محکمہ برقی کی جانب سے اپریل کے دوران وصول کئے جانے والے اضافی برقی بلوں کی ماہ مئی کے بلوں میں منہائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن لمیٹیڈ مسٹر جی رگھوما ریڈی نے یہ بات بتائی اور کہا کہ یہ شکایات وصول ہورہی ہیں کہ ماہ اپریل کے دوران اضافی بل وصول ہوئے ہیں تو ان بلوں کی ماہ مئی میں یکسوئی کرلی جائے گی۔ ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی جانب سے سال گذشتہ اپریل کے دوران جاری کئے گئے بلوں کے مطابق ما ہ اپریل کے بل جاری کئے گئے ہیں اسی لئے عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے ماہ مارچ کے برقی بلوں کے مطابق بل کی وصولی کا فیصلہ کیا ہے لیکن کئی مقامات سے اس بات کی شکایات وصول ہورہی ہیں کہ انہیں کافی زیادہ بل وصول ہوا ہے اور لوگ اس کی ادائیگی میں پس و پیش کر رہے ہیں ۔ شہر حیدرآباد کے کئی علاقو ں میں بھاری بلوں کی اجرائی سے پریشان عوام کی جانب سے اس بات کی شکایات موصول ہورہی تھیں کہ ریاستی حکومت کی جانب سے گذشتہ ماہ کے بل کے مطابق بل کی ادائیگی عمل میں لائی جائے لیکن ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی جانب سے گذشتہ برس کے ماہ اپریل کے بلوں کے مطابق بل جاری کئے گئے تھے ۔ مسٹر جی رگھوما ریڈی نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے بعد محکمہ نے بلوں کی اجرائی پر روک لگادی ہے اورگذشتہ برس اپریل کے جو بھاری بل جاری کئے گئے ہیں ان میں ادائیگی کرنے والوں کے رقومات ماہ مئی کے بلوں میں بھی شمار کرلی جائیں گی۔ ماہ اپریل کے دوران بھاری بلوں کی اجرائی کے متعلق انہوں نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ موسم گرما کے دوران اضافی بل آتا ہے اور اس مرتبہ مزید اضافی بلوں کا امکان ہے اس اعتبار سے بلوں کی اجرائی عمل میں لائی گئی تھی لیکن حکومت کے فیصلہ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے جس کا رہائشی صارفین پر اطلاق ہوگا۔انہو ںنے صارفین سے خواہش کی کہ وہ اپنے موبائیل نمبر ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی ویب سائٹ پر درج کروائیں اور اس اندراج کے ذریعہ اپنے تصرف و استعمال کی تفصیلات کے علاوہ بل وغیرہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ مسٹر رگھوما ریڈی نے بتایا کہ ادارہ کی جانب سے صارفین کو ایس ایم ایس کے ذریعہ مطلع کرنے کا نظام بھی تیار کرلیا گیا ہے اور مستقبل قریب میں تمام صارفین کا ڈاٹا ادارہ کے پاس موجود رہے گا۔