سیکوریٹی کے انتظامات مکمل ، کمشنر راچہ کنڈہ کا دورہ ، سیکوریٹی کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 12 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : عالمی شہرت یافتہ اسٹار فٹ بالر میسی اور چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کے فٹ بال میاچ کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ۔ 13 دسمبر کو شام 7 بجے شروع ہونے والے میاچ کے لیے اپل کرکٹ اسٹیڈیم کو تیار کرلیا گیا ہے ۔ میاچ کے لیے میسی کو گرین چیانل فراہم کیا گیا ہے اور زیڈ پلس سیکوریٹی دی گئی ہے ۔ اس سلسلہ میں کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مسٹر سدھیر بابو نے آج انتظامات کا جائزہ لیا اور میڈیا کو تفصیلات بتائی اور چند اہم مشورے و ہدایت جاری کیں ۔ میاچ میں شرکت کرنے والے شائقین کو تین گھنٹے قبل اسٹیڈیم پہونچنا ہوگا جب کہ تاخیر سے آنے والوں کو موقع نہیں دیا جائے گا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ یہ میاچ حیدرآباد کے وقار اور امیج کا مسئلہ ہے ۔ میاچ شام 7 بجے تا رات 8 بجے تک جاری رہے گی ۔ میاچ کا لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا ۔ کمشنر پولیس نے ٹریفک مسائل کو دیکھتے ہوئے شائقین سے درخواست کی کہ وہ اسٹیڈیم پہونچنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ تین ہزار پولیس ملازمین بندوبست پر تعینات رہیں گے ۔ 450 کیمروں سے اسٹیڈیم پر نظر رکھی جارہی ہے اور ڈرون کیمروں کے ذریعہ سیکوریٹی کی جانچ کی جائے گی ۔ کمشنر نے بتایا کہ سیکوریٹی کے لیے علحدہ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سادہ لباس میں پولیس اہلکار میاچ کے دوران نگرانی کریں گے جب کہ خاتون شائقین کی حفاظت کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے شی ٹیم کو متحرک کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ بغیر پاس کے اسٹیڈیم کا رخ نہ کریں ۔ اسٹیڈیم کے قریب کسی قسم کے کوئی پاس اور ٹکٹ نہیں دئیے جائیں گے ۔ چونکہ تمام پاس آن لائن فروخت کردئیے گئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی بھیڑ اور میاچ کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے ٹریفک کے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں اور 34 مقامات پر پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ 39,000 سیٹنگ کپاسٹی والے اسٹیڈیم تین ہزار پولیس ملازمین جن میں ٹریفک ، لا اینڈ آرڈر ، اسپیشل فورس ، اے ار آکٹوپس ، 18 پلاٹونس ، گھوڑ سوار پولیس ، وجرا گاڑیاں ، ایس بی سی سی ایس اور ایس او ٹی ٹیمیں چوکس رہیں گی جب کہ چار فائر ٹنڈر گاڑیوں کو بھی طلب کرلیا گیا ہے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ گھوڑ سوار پولیس کو گیٹ نمبر 1 ، 3 ، 4 ، 7 اور 8 پر تعینات کیا جائے گا ۔ کل 13 گیٹوں پر خصوصی چوکسی اختیار کرلی گئی ہے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ہر گیٹ پر 5 تا 8 موبائل ٹکنیشن کی ٹیم کو تعینات کیا جارہا ہے تاکہ شائقین کے موبائل فونس کی جانچ کی جاسکے ۔۔ ع
