اپل اکسائز پولیس کے ہاتھوں گانجہ فروخت کنندہ گرفتار

   

2 کیلو 500 گرام گانجہ ضبط، تحقیقات میں طلبہ کو گانجہ فروختگی کا انکشاف
حیدرآباد ۔ 9 اکٹوبر (سیاست نیوز) اپل اکسائز پولیس نے گانجہ فروخت کرنے والوں کے علاوہ گانجہ استعمال کرنے والوں کو جیل منتقل کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ انسپکٹر پروہیبیشن اکسائز چندراشیکھر گوڑ نے یہ وارننگ دی ہے۔ اپل اکسائز پولیس نے آج ایک اہم کارروائی میں گانجہ فروخت کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔ کے گوپی جو کرنول کا متوطن بتایا گیا ہے، اکسائز پولیس نے گوپی کو گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 2 کیلو500 گرام گانجہ کو ضبط کرلیا جس کی مالیت 75 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔ اکسائز پولیس کے مطابق گوپی 10 تا 20 کیلو گانجہ آر ٹی سی بسوں کے ذریعہ شہر منتقل کرتا اور چھوٹے پیاکٹس تیار کرتے ہوئے 100 تا 200 روپئے فی پیاکٹس کالجس کے طلبہ میں فروخت کرتا تھا۔ اس کا اصل نشانہ کالج طلبہ ہیں جو انہیں گانجہ فراہم کرتا تھا۔ اکسائز پولیس نے بتایا کہ اپل بس اسٹیشن کے قریب اکسائز پولیس کی تلاشی مہم کے دوران گوپی مشتبہ نقل و حرکت کررہا تھا اور جیسے ہی اکسائز پولیس کو اس نے دیکھا وہ پیرزادی گوڑہ کی جانب فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ پولیس نے اسے گرفتار کرلیا اور ٹولی میں ملوث دیگر کی تلاش جاری ہے۔