اپل بھاگیات لے آوٹ میں پلاٹس بنانے کوشاںHMRL

   

حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز): شہر میں رئیل اسٹیٹ کے موجودہ رجحان سے فائدہ اٹھانے کے لیے حیدرآباد میٹرو ریل لمٹیڈ ( ایچ ایم آر ایل ) کی جانب سے اپل بھاگیات لے آوٹ میں اس کی زمین میں پلاٹس کو ڈیولپ کیا جارہا ہے اور اس کا ای ہراج کرنے کا منصوبہ ہے تاکہ زیادہ ریونیو حاصل کیا جائے ۔ گذشتہ سال حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایچ ایم ڈی اے ) اس لے اوٹ میں پلاٹس کی ای ۔ آکشنگ کے ذریعہ اچھا فائدہ حاصل کیا تھا ۔ اس کے پیش نظر حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے یہ اقدام کیا جارہا ہے ۔ پہلے مرحلہ میں ایچ ایم ڈی اے نے اپل بھاگیات لے آوٹ میں 67 پلاٹس کا ای ۔ آکشن کیا اور اس سے اسے 677 کروڑ روپئے کا ریونیو حاصل ہوا ۔ ایچ ایم ڈی اے نے ان پلاٹس کے لیے اپ سیٹ قیمت 28,000 روپئے فی مربع گز مقرر کی تھی ۔ پہلے مرحلہ پر ردعمل کے پیش نظر ایچ ایم ڈی اے نے دسمبر میں 124 پلاٹس کے ای ۔ آکشن کا اعلان کیا اور اس مرتبہ اپ سیٹ قیمت 30,000 روپئے فی مربع گز مقرر کی ۔ اس ہراج پر مثبت ردعمل پر ایچ ایم آر ایل کی جانب سے اب زمین کے اس کے حصہ میں پلاٹس بناکر انہیں ہراج کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس لے آوٹ میں ایچ ایم آر ایل کو 142 ایکڑ اراضی الاٹ کی گئی ہے ۔ جس میں تقریبا 100 ایکڑ ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل حیدرآباد لمٹیڈ کو الاٹ کی گئی ۔ باقی 42 ایکڑ ایچ ایم آر ایل کی ملکیت ہے اور اسے ایل اینڈ ٹی کی جانب سے وئیڈ کٹس اور دیگر اسٹرکچرس کی تعمیر کے لیے پری کاسٹنگ یارڈ کے طور پر استعمال کیا گیا ۔ ایچ ایم آر ایل منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ میٹرو فیز I سے متعلق کام کیے گئے ہیں ۔ ایل اینڈ ٹی نے اس زمین کو خالی کیا ہے اور اس لے آوٹ میں پلاٹس بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس کے لیے ایجنسیز کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ۔ 42 ایکڑ زمین پر مرحلوں میں پلاٹس بنائے جائیں گے ۔ پہلے مرحلہ میں 15 ایکڑ پر پلاٹس بنائے جائیں گے اور ان کا ای ہراج ایچ ایم ڈی اے کے اشتراک سے کیا جائے گا ۔۔