حیدرآباد ۔ 30 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : اپل پولیس نے ایک عادی مجرم کو گرفتار کرتے ہوئے قیمتی کیمروں کو ضبط کرلیا ۔ رامنتا پور کے ایک فوٹو گرافر کے مکان میں سرقہ کی واردات کی شکایت کے بعد پولیس متحرک تھی اور مشتبہ انداز میں نقل و حرکت کے دوران پولیس نے امیت کمار سوشن کو حراست میں لے لیا اور اس نے پولیس سے پوچھ تاچھ میں سرقہ کی واردات کا جرم قبول کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 20 سالہ امیت کمار سوشن جو رامنتا پور علاقہ میں رہتا تھا اڈیشہ کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ اس نے 24 نومبر کو رامنتا پور کے ایک مکان میں سرقہ کی واردات کو انجام دیا ۔ اس مکان سے جو فوٹو گرافر کا ہے قیمتی کیمروں کا سرقہ کرلیا ۔ پولیس نے امیت کمار کی گرفتاری کے بعد مسروقہ کیمروں کو ضبط کرلیا جس کی مالیت تقریبا ساڑھے تین لاکھ روپئے بتائی گئی ہے ۔ سی سی ایس ملکاجگیری اور اپل پولیس نے کارروائی انجام دی ۔۔ ع