اپل میں نقلی ڈاکٹر کے کلینک پر ڈرگس کنٹرول اڈمنسٹریشن حکام کا دھاوا، بھاری مقدار میں ادویات ضبط، قانونی کارروائی کا آغاز

   

حیدرآباد۔/3ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ڈرگس کنٹرول اڈمنسٹریشن نے ملکاجگری ضلع کے اپل میں ایک نقلی ڈاکٹر کے کلینک پر دھاوا کرتے ہوئے ادویات کے اسٹاک کو ضبط کیا ہے۔ ڈائرکٹر جنرل بی کملاسن ریڈی کے مطابق مصدقہ اطلاعات ملنے پر ڈرگس کنٹرول اڈمنسٹریشن کے عہدیداروں نے سری نگر کالونی اپل خالصہ ولیج میں بی سرینو نامی فرضی ڈاکٹر کیلنک پر دھاوا کیا۔ وہ کسی بھی اہلیت اور کوالیفکیشن کے بغیر انجنی کلینک چلارہا تھا۔ دھاوے کے دوران ڈرگس کنٹرول اڈمنسٹریشن کے عہدیداروں نے 17 مختلف اقسام کی ادویات کا پتہ چلایا جن میں اینٹی بائیوٹکس اسٹورائیڈس اور دیگر ادویات شامل تھیں۔ کسی لائسنس کے بغیر ادویات کا اسٹاک کیا گیا تھا۔ حکام نے 20 ہزار 500 روپئے مالیتی ادویات کو ضبط کیا۔ کسی اہلیت کے بغیر اس طرح کی ادویات کے مریضوں پر استعمال کی صورت میں مزید صحت بگڑنے کا اندیشہ رہتا ہے۔ ڈرگس انسپکٹر اپل ڈاکٹر بی لکشمی نارائنا اور ڈرگس انسپکٹر میڈی پلی پی امبیڈکر کی نگرانی میں یہ کارروائی کی گئی۔ سیمپلس کو جانچ کیلئے لیاب روانہ کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ اہلیت کے بغیر کلینک چلانا اور ادویات کا اسٹاک کرنا قانونی جرم ہے۔ ڈرگس کنٹرول اڈمنسٹریشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر قانونی طور پر فرضی ڈاکٹرس یا پھر ادویات کے غیر مجاز اسٹاک کے سلسلہ میں ٹول فری نمبر 1800-599-6969 پر اطلاع دیں۔1