اپل ۔ بھاگیات لے آوٹ میں ہراج کے تیسرے دن کئی پلاٹس کے لیے خریدار نہیں

   

حیدرآباد ۔ 17 ۔ دسمبر : ( ایجنسیز ) : ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے اپل بھاگیات لے آوٹ میں کئی پلاٹس فروخت کرنے کے لیے کئے گئے ای ہراج کے تیسرے اور آخری دن بڈرس کی جانب سے کوئی زیادہ دلچسپی نہیں دکھائی گئی ۔ حالانکہ پیر کو سب سے زیادہ بولی76,100 روپئے فی مربع گز تھی لیکن 24 پلاٹس کے منجملہ ، جس کے لیے ہراج منعقد کیا گیا ، 15 پلاٹس کی خریدی کرنیوالا کوئی نہیں تھا ۔ ذرائع کے مطابق ایچ ایم ڈی اے کو نو پلاٹس کے ہراج سے 74.44 کروڑ روپئے کا ریونیو حاصل ہوا ۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ پلاٹس کے بہت بڑے سائز کی وجہ اس میں لوگوں کی دلچسپی میں کمی ہوئی ۔ اس ہراج کے تین دنوں کے دوران سب سے زیادہ بولی جو لگائی گئی وہ 79,900 روپئے فی مربع گز تھی اور کم سے کم بولی 30,200 روپئے تھی ۔ ان پلاٹس کی اوسط قیمت 41,000 روپئے اور 50,000 روپئے کے درمیان رہی۔ ایچ ایم ڈی اے کے ایک نوٹ میں یہ بات بتائی گئی ۔ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو ای ۔ آکشن کے ذریعہ حاصل ہونے والی جملہ آمدنی تقریبا 365 کروڑ روپئے ہے ۔۔