مینارگارڈن میں 100 واں دوبہ دو ملاقات پروگرام ‘ وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی ‘ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان کا خطاب
حیدرآباد ۔ (سیاست نیوز) جناب محمد محمود علی ریاستی وزیر داخلہ تلنگانہ نے کہا کہ اسلام کے حیات آفرین پیغام میں خدمت خلق کو بڑی اہمیت حاصل ہے اس لئے اس کو مد نظر رکھتے ہوئے سیاست اور ملت فنڈ نے جوبیڑہ اٹھایا ہے وہ قابل قدر ہے ۔ مجھے اس بات کی مسرت ہے کہ ایسے والدین جو اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کے پیام کے لئے بے چین ہیں ان کے لئے یہ پروگرام اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ اصل بات یہ ہے کہ دوسروں کے لئے جینا اور ان کو پروان چڑھتے ہوئے دیکھ کر مسرت کا اظہار کرنا اسی کو کامل انسان کہا جاتا ہے ۔ سیاست صرف اخبار نہیں بلکہ خدمت خلق کا ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پر نئی نسل تعلیم ‘ روزگار ‘ طبی میدان اور دیگر ملازمتوں کے ساتھ پائیلٹ کی جائیدادوں میں رہنمائی کی ہے قابل قدر ہے ۔ جناب محمد محمود علی آج 100 ویں دو بہ دو ملاقات پروگرام مینارگارڈن میں خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ مینار گارڈن کے وسیع و عریض فنکشن ہال میں والدین اور سرپرستوں ‘ رشتہ داروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ خاص بات یہ رہی کہ آج کا یہ دو بہ دو ملاقات پروگرام اپنے 100 ویں منزل طئے کرچکا ہے جس کے پیش نظر ریاست تلنگانہ ‘ آندھرا اور کرناٹک کے علاوہ بیرونی ریاستوں سے مندوبین ‘ والدین شریک پروگرام دیکھے گئے ۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست 100 ویں دو بہ دو ملاقات کی صدارت کی جب کہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب محمد قمرالدین صدرنشین میناریٹی کمیشن تلنگانہ ‘ جناب فیصل بن سعید علی القیعطی مالک رائل ریجنسی گارڈن (آصف نگر ) محمد معین الدین پروپرائٹر اپمیئریل گارڈن ٹولی چوکی ‘ جناب عزیز پاشاہ سابق رکن پارلیمنٹ ‘ جناب افتخار حسین (فیض عام ٹرسٹ) اور دوسرے موجود تھے ۔ جناب محمد محمود علی نے 100 ویں دو بہ دو ملاقات پروگرام کے موقع پر جناب زاہد علی خان ‘ جناب ظہیرالدین علی خان ‘ جناب عامر علی خان اور اسٹاف کو مبارکباد پیش کی جن کی کوششوں اور کڑی محنت کے بناء آج یہ پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوتا ہوا 100 ویں منزل پر کھڑا ہے ۔
انہو ں نے یاد لایا کہ ریاست تلنگانہ میں چیف منسٹر چندر شیکھرراو کی قیادت میں مسلم لڑکیوں کو رشتہ ازدواج سے منسلک کرنے کے لئے شادی مبارک اسکیم کا آغاز کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے وجود میں آنے کے بعد سروے کروایا گیا جس میں اقلیتوں کی لڑکیاں جوبن بیاہی بیٹھی تھیں اس کی رپورٹ سامنے آئی اور ان ہی دنوں میں شادی مبارک اسکیم کا عملاً آغاز کیا گیا جس کی وجہ سے غریب لڑکیوں کے والدین کو کافی آسانیاں ہوئیں اور جو والدین عرب کے باشندوں کو اپنی لڑکیاں بیاہ کر کے دے رہے تھیں ان سے چھٹکارا بھی ملا ۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے 100 ویں دو بہ دو ملاقات پروگرام میں مہمانان خصوصی اور شرکاء کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ سیاست اور ملت فنڈ گذشتہ 20 سالوں سے دو بہ دو ملاقات پروگرام منعقد کرتے آ رہا ہے ۔ یہ پروگرام میں قدم رکھکر ہم نے کچھ نہ کچھ والدین کی فکر کو دور کیا ۔ اس کے باوجود ہم پر یہ الزام ہے کہ رشتوں کا یہ مقدس کام کیوں انجام دیا جا رہا ہے ‘ ان کا کام تو اخبار تک محدود ہے ۔ انہیں یہ بات جان لینا چاہئے کہ اخبار جو تحریک بن کر ملک و ریاست میں اپنا نام روشن کیا ہے وہ صرف صورتحال کو بیان نہیں کرتا بلکہ اقلیتوں کے فلاح و بہبود اور روزگار سے منسلک کرنے کیلئے شب و روز منہمک ہے ۔ اس موقع پر والدین نے جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست ‘ جناب ظہیرالدین علی خان اور اسٹاف کو مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر کریم نگرکے دو بہ دو پروگرام کے ذمہ داران سید محی الدین ‘ سیدضمیر الدین ‘ سید عرفان الحق ‘ محسن محی الدین ‘ محمد عبداللہ اسد ‘ محمد جعفر شریف اور دیگر نے شرکت کی ۔ اس پروگرام میں علحدہ علحدہ کاونٹرس کے علاوہ کمپیوٹر سیکشن بھی رکھا گیا جہاں لڑکوں کے 135 اور لڑکیوں کے 296 بائیوڈاٹا رجسٹر ڈ ہوئے جنہیں بتایا گیا کہ وہ روزنامہ سیاست کے دفتر عابڈس پہنچ کر صبح 11 بجے تا 5 بجے شام رشتوں کا انتخاب کریں ۔ اس پروگرام میں میر انورالدین ‘ محمد احمد ‘ محمد شاہد حسین ’ صالح بن عبداللہ باحاذق ‘ ڈاکٹر سیادت علی ‘ ڈاکٹر کاظم علی ‘ ایم اے ساجد ‘ خدیجہ ‘ دردرانہ ‘ ثانیہ ‘ محمدی‘ صالحہ ‘ نازیہ ‘ آمنہ شہناز ‘ شاہانہ ‘ ثناء ‘ جبین ‘ یاسمین کے علاوہ دیگر نے کاونٹر س پر اپنے فرائض انجام دیئے ۔ جناب زاہد فاروقی نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا ۔ شادی خانہ کے مالکین اور والدین و سرپرستوں سے اظہار تشکر کیا گیا ۔ اس پروگرام میں عابد صدیقی ‘ احمد صدیقی مکیش ‘ ڈاکٹر ایس اے مجید ‘ ڈاکٹر ایوب حیدری ‘ ماجد انصاری ‘ الیاس باشاہ ‘ محمد نصراللہ خان ‘ خالد محی الدین اسد و دیگر کارکنان کی کثیر تعداد کو مومنٹوز اور شال پیش کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی ۔