ایک دفعہ ایک بوڑھی عورت اپنے بیٹے کے ساتھ پارک میں بیٹھی ہوئی تھی ۔ پاس ہی ایک کوا بھی بیٹھا ہوا تھا ۔ ماں نے اپنے بیٹے سے پوچھا یہ کیا ہے ؟ بیٹا بولا ! یہ کوا ہے ۔ ماں نے کچھ دیر بعد پھر پوچھا ’’ یہ کیا ہے ؟ ‘‘ بیٹا بولا یہ کوا ہے ۔ ماں نے پھر پوچھا یہ کیا ہے ؟ بیٹا غصہ سے ’’ کتنی بار بتاؤں کہ یہ کوا ہے ‘‘ ماں ہنسی اور کہنے لگی ’’ بیٹا ! جب تو تین سال کا تھا تو یہی جگہ تھی اور ایسا ہی کوا پاس بیٹھا ہوا تھا اور تو نے کم از کم چالیس بار پوچھا تھا اور میں نے چالیس دفعہ تیرے ماتھے کو چوم کر بتایا تھا کہ ’’ یہ کوا ہے ‘‘ ۔ بچو ! ایک خاموش پیغام ہے کہ اپنی ماں سے ہمیشہ محبت کرو کیونکہ اگر یہ ہستی کھوگئی تو دوبارہ نہیں ملے گی ۔
عبادت کا درجہ
عبادت سے پہلے ضروری ہے کہ انسان گناہوں سے تائب ہو اور ان سے اجتناب کرے ۔ توبہ ابتدائی مقام ہے اور عبودیت انتہائی مقام ۔ ابتدائی مقام سے گزرے بغیر بندہ اگلے مقام میں کیسے داخل ہوسکے گا ۔ پھر یہ بھی سلسلہ امر ہے کہ جب تک آدمی کی اپنے گناہوں اور عیوب کی طرف توجہ نہ ہو ۔ توبہ کی طرف نہ توجہ ہوسکتی ہے اور نہ توبہ کی توفیق حاصل ہوسکتی ہے ۔ اس لئے لازم ہے کہ آدمی اپنے عیوب اور گناہوں پر نظر کرے ۔