سری نگر: جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے بدھ کے روز اسمبلی انتخابات کے لئے انتخابی منشور جاری کیا جس میں مکمل ریاستی درجے کی بحالی کے لئے جد وجہد سمیت کئی وعدے کئے گئے ہیں۔منشور میں وادی کشمیر میں سردیوں کے دوران 5 سو یونٹ مفت بجلی کی فراہمی کا بھی وعدہ کیا گیا ہے ۔پارٹی کے جنرل سکریٹری رفیع احمد میر نے بدھ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران پارٹی کا انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کشمیری نوجوانوں جو گھنائونے جرائم میں ملوث نہیں ہیں، کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے ) کی منسوخی کو یقینی بنائے گی۔انہوں نے کہا: ‘ہم جموں وکشمیر کے مکمل ریاستی درجے کی بحالی کے لئے جد وجہد کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ اپنی پارٹی کشمیری نوجوانوں کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹز کے بارے میں بھی بات کرے گی۔ میر نے کہاکہ ہمارا ایجنڈا ان تمام نوجوانوں کو رہا کرنا ہوگا جنہوں نے گھنائونے جرائم کا ارتکاب نہیں کیا ہے اور ہم انہیں ایمنسٹی کے تحت رہا کرانے پر کام کریں گے ‘۔