حیدرآباد 8 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) بی آر ایس رکن اسمبلی اسٹیشن گھن پور ٹی راجیا نے ایک ریمارک کے ذریعہ ایک بار پھر پارٹی قیادت سے اپنی ناراضگی جتائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالانکہ وہ آئندہ 17 جنوری تک اسٹیشن گھن پور کے رکن اسمبلی ہیں لیکن چونکہ انہیںٹکٹ نہیں دیا گیا ہے اس لئے حلقہ کے پارٹی کارکن اپنے کام انجام دینے میں پس و پیش کر رہے ہیں ۔ راجیا کو پارٹی نے اسمبلی انتخابات کیلئے ٹکٹ نہیں دیا ہے اور اس پر وہ ناراض ہیں حالانکہ انہیںدوسرا عہدہ دیا گیا ہے ۔ ٹی راجیا نے کہا کہ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے انہیں اپنے ہی حلقہ انتخاب میں آنے میں مشکل محسوس ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن اپنے کام انجام دینے سے گریز کر رہے ہیں حالانکہ وہ اپنے حلقہ انتخاب میں سب سے بڑے ہیں۔ اس طرح انہوں نے پارٹی امیدوار کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کی ہے ۔ اپنے ریمارکس کے ذریعہ ٹی راجیا نے ایک بار پھر یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ وہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کیلئے ٹکٹ نہ دئے جانے پر ناراض ہیں اور چونکہ انہیں ٹکٹ نہیں ملا ہے اس لئے پارٹی کارکن ان کی بات نہیں مان رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ٹکٹس کی تقسیم کے مسئلہ پر پارٹی میں شدید ناراضگیاں پیدا ہوگئی تھیں اور ٹکٹ سے محروم کچھ قائدین اپنے حامیوں اور کارکنوں کے ساتھ پارٹی کو خیر باد بھی کہہ چکے ہیں اور کچھ کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں ۔