اورنگ آباد۔ 16 اگست (یو این آئی) بی جے پی کے ایم ایل اے سنجے کینیکر نے پولیس کمشنر کو شکایت درج کرائی ہے کہ سابق رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ انھوں نے اورنگ آباد کے پولس کمشنر پراوین پوار سے ملاقات کی اور انہیں ایک شکایت پیش کی جس میں درخواست کی گئی کہ سابق ایم پی امتیاز جلیل کے خلاف شری کرشن جنماشٹمی کے مقدس مہینے اور شری کرشنا جنم اشٹمی کے دن کھلے عام انہیں گوشت کھانے کی دعوت دینے پر مقدمہ درج کیا جائے ۔ واضح رہے کہ یوم آزادی کے موقع پر، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے ریاستی صدر اور اورنگ آباد کے سابق رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے 15 اگست کو گوشت کی دوکانیں بند رکھے جانے کے خلاف اپنے مکان پر ایک ’چکن بریانی‘ اور ’مٹن قورمہ ‘ پارٹی کا اہتمام کرکے اس میں ان تمام میونسپل کارپوریشن کمشنروں کو دعوت دی تھی۔ آج امتیاز جلیل نے میڈیا سے اس انوکھے احتجاج پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعوت میں تو کوئی شریک نہیں ہوا ۔ ان کے خلاف اس ضمن میں درج کرائی گئی شکایت کو انھوں نے غیر اہم بتاتے ہوئے طنزیہ کہا کہ اب ’’اپنے گھروں پر بریانی کھانے پر بھی شکاتیں کی جا رہی ہیں‘‘۔ امتیاز جلیل نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تہواروں کے بہانے گوشت کی دکانیں بند کرانے کا فیصلہ ناانصافی ہے اور شہریوں کی شخصی آزادی میں مداخلت کے مترادف ہے ۔ انھوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اس تقریب میں ویجیٹیرین پکوانوں کے ساتھ چکن بریانی بھی تیار کرائی تاکہ یہ پیغام دیا جا سکے کہ حکومت کسی کو یہ نہیں بتا سکتی کہ اسے کیا کھانا چاہیے اور کیا نہیں۔