اپوزیشن اتحاد انڈیا کا بیس رکنی وفد آج اور کل منی پور کا دورہ کرے گا

,

   

نئی دہلی: حزب اختلاف کے اتحاد ‘انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس’ (انڈیا) کے 20 ممبران پارلیمنٹ کا ایک وفد آج اور کل بتاریخ 29-30 جولائی کو منی پور کا دورہ کرے گا تاکہ شمال مشرقی ریاست کی زمینی صورت حال کا جائزہ لیا جا سکے جو تین مئی سے نسلی تشدد کا سامنا کر رہا ہے۔ یہ وفد وادی اور ریاست کے پہاڑی علاقوں کا دورہ کرے گا اور وہاں کی مختلف برادریوں سے ملاقات کرے گا۔ وفد کے ارکان کچھ ریلیف کیمپوں کا بھی دورہ کریں گے جس کے بعد اپوزیشن اتحاد انڈیا اپنی سفارشات حکومت اور پارلیمنٹ کو بھی پیش کریں گے۔کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری اور گورو گوگوئی، ترنمول کانگریس کی سشمیتا دیو، جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی مہوا ماجھی، ڈی ایم کے کی کنیموزی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی وندنا چوہان، راشٹریہ لوک دل کے جینت چودھری، راشٹریہ جنتا دل کے منوج کمار جھا اس وفد کا حصہ ہیں۔ دورے سے پہلے لوک سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر گورو گوگوئی نے منی پور میں تشدد کی سپریم کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کے تحت تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔