اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ 10 ٹی وی چینلز کے 14 اینکرز کا بائیکاٹ کریگا

,

   

ارنب گو سوامی، سدھیر چودھری ، روبیکا لیاقت ، نویکا کمار اور چترا شامل‘اشتعال انگیزی اور نفرت پھیلانے کا الزام

نئی دہلی:مرکز کی مودی حکومت کے خلاف متحد ہوئے اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد ’انڈیا‘ نے گودی میڈیا کے خلاف ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایسے ٹی وی اینکرس یا صحافیوں کے پروگرام میں اپنے قائدین کو نہیں بھیجیں گی جو کہ صرف اشتعال انگیزی پھیلانے کا کام کرتے ہیں اور نفرت کا ماحول پیدا کرتے ہیں۔ انڈیا اتحاد کی طرف سے ایسے ٹی وی اینکرس کی فہرست جاری کی گئی ہے۔ دراصل انڈیا اتحاد کی کوآرڈنیشن کمیٹی کی میٹنگ 13 ستمبر کو شرد پوار کی دہلی میں واقع رہائش پر منعقد ہوئی تھی۔ اس میٹنگ کے بعد ہی کانگریس قائد کے سی وینوگوپال نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بتا دیا تھا کہ میٹنگ میں اس بات پر اتفاق قائم ہوا ہے کہ کچھ میڈیا گروپس کے بعض اینکر کے شو میں انڈیا اتحاد کا کوئی بھی لیڈر شامل نہیں ہوگا۔ حالانکہ اس وقت انھوں نے کسی بھی اینکر کا نام ظاہر نہیں کیا تھا۔ اب ان اینکرس کی فہرست سامنے آئی ہے جن کے پروگرام میں انڈیا اتحاد کے قائدین شامل نہیں ہوں گے۔ ان میں ادیتی تیاگی، امن چوپڑا، امیش دیوگن، آنند نرسمہن ، ارنب گوسوامی ، اشوک شریواستو ، چترا ترپاٹھی، گورو ساونت، نویکا کمار، پراچی پراشر، روبیکا لیاقت، شیو ارور ، سدھیر چودھری اور سوشانت سنہا شامل ہیں۔’انڈیا میڈیا کمیٹی‘ کے ذریعہ 14 ستمبر کو ان 14 ٹی وی اینکرس کے نام کی فہرست جاری کی گئی ہے۔ ساتھ ہی انڈیا میڈیا کمیٹی نے بتایا کہ 13 ستمبر کو منعقد انڈیا کوآرڈنیشن کمیٹی کی میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا ہے کہ کچھ اینکرس کے پروگرام میں انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیاں اپنے نمائندے نہیں بھیجیں گی۔
ایشیا کپ :سری لنکا فائنل میں
کولمبو : ایشیا کپ سوپر فور کے سنسنی خیز میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ۔