نئی دہلی : اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد ’انڈیا‘ نے گوگل اور فیس بک پر حکمراں جماعت بی جے پی کی تشہیر کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کمپنیاں اپوزیشن قائدین کے مواد کو ’دبانے‘ کی کوشش کر رہی ہیں۔ کانگریس پارٹی کی زیرقیادت نئے اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ سے وابستہ چودہ لیڈروں نے فیس بک کے سی ای او مارک زکر برگ اور گوگل کے سی ای او سندر پچائی کے نام اپنے مشترکہ مکتوب اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ہندوستان میں 2024 کے عام انتخابات سے قبل غیر جانبداری کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلسل ایک سیاسی جماعت کی جانب جھکاؤ اور تعصب ملک کی جمہوریت میں مداخلت کے مترادف ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں واشنگٹن پوسٹ نے اپنے ایک خصوصی مضمون میں انکشاف کیا تھا کہ فیس بک، واٹس ایپ اور یو ٹیوب کو مبینہ طور پر فرقہ وارانہ منافرت کو ہوا دینے کے لیے کس طرح استعمال کیا جا رہا ہے۔ ’انڈیا‘ اتحاد نے میٹا اور گوگل کے سی ای اوز کو اسی مناسبت سے خطوط لکھے ہیں۔