احمدآباد۔ 12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے منگل کو بیان دیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کو عوام کی جانب سے مضبوط حمایت حاصل ہے اور آنے والے عام انتخابات ہندوستان کیلئے بہت ہی اہم ہیں کیونکہ اس کے نتائج ہندوستان کو ایک عالمی سوپر پاور کی حیثیت سے پیش کریں گے۔ بی جے پی بمقابلہ اپوزیشن اتحاد (مہا گٹھ بندھن) صرف مقامی قائدین کے اجتماع کا ذریعہ ہے اور اس سے پارٹی پر کوئی اثرات پڑنے والے نہیں ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن سے سوال کیا کہ ان کا وزیراعظم امیدوار کون ہے اور اپوزیشن اتحاد کا قائد کون ہے اور اس مہا گٹھ بندھن کا کیا مقصد ہے وہ آج گجرات میں پارٹی ورکرس کی جانب سے منعقدہ’’ میرا پریوار ۔ بھانجا پریوار‘‘ پروگرام نے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مودی مکمل اکثریت کے ساتھ جتوائیں تاکہ وہ ضرورت مندوں کی حاجت روائی کرسکیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ ملک کے طول و عرض میں دورہ کرچکے ہیں اور ہر جگہ پر ان کو مودی کی تائید نظر آتی، کئی پارٹی ورکرس نے جب ان سے مہا گٹھ بندھن کے بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ اس عظیم تر اتحاد کا کوئی بھی اثر بی جے پی پر نہیں پڑے گا اور جے ڈی ایس صدر دیوے گوڑا، مغربی بنگال کی ممتا بنرجی یا پھر اکھیلیش یادو ہو، اس کا کوئی بھی اثر پارٹی پر نہیں پڑے گا کیونکہ ہند میں مقامی قائدین اور مقامی پارٹیز ہیں۔