نئی دہلی 5اگست (یواین آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو حکمراں این ڈی اے کی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں آپریشن سندور کو لے کر اپوزیشن کے رویے کو نشانہ بنایا اور کہا کہ اپوزیشن اپنے پاؤں میں کلہاڑی مارنے میں ماہر ہے ۔منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں منعقدہ میٹنگ میں مودی کو آپریشن سندور اور آپریشن مہادیو کی کامیابی کیلئے مبارکباد دی گئی۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے وزیراعظم کو ہار پہنائے اور ممبران پارلیمنٹ نے ’ہر ہر مہادیو‘، ’بھارت ماتا کی جے‘ کے نعرے لگائے۔ اس اجلاس میں میڈیا کو مدعو نہیں کیا گیا۔ وزیراعظم نے میٹنگ کے دوران کہاکہ اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں آپریشن سندور پر بحث کا مطالبہ کر کے غلطی کی، اس سے انہیں شرمندگی ہوئی، اپوزیشن اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارنے میں ماہر ہے ، اپوزیشن کو ہر روز اس طرح کی بحث کرنی چاہیے ، ہم اس شعبے کے ماہر ہیں۔کسی کا نام لیے بغیر مودی نے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ بچکانہ باتیں کرتے ہیں، لوگ انہیں سنجیدگی سے نہیں لیتے۔
انہوں نے کہا کہ چین کے معاملے پر سپریم کورٹ کی سرزنش سے بڑی شرمندگی اور کیا ہو سکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ “بہار میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) کے معاملے پر لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے ۔ ملک کے لوگ سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔” اس کے دوران انہوں نے کابینہ کے ساتھی امیت شاہ کی تعریف کی، جو اب آزاد ہندوستان کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک مرکزی وزیر داخلہ رہنے والے ہیں۔