اپوزیشن جماعتیں ، مسلح افواج کی بہادری کا ثبوت مانگ رہی ہیں

,

   

تنظیم اسلامی تعاون میں سشما سوراج کی شرکت ہندوستان کیلئے اعزاز ، پٹنہ میں ریلی سے وزیراعظم مودی کا خطاب
پٹنہ ۔ /3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان میں حالیہ فضائی کارروائی پر سوال اٹھائے جانے پر اپوزیشن جماعتوں کی مذمت کرتے ہوئے آج کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مسلح افواج مصروف ہیں لیکن کانگریس اور اس کی حلیفوں کو ان (مسلح افواج) کی بہادری پر یقین نہیں آرہا ہے ۔ وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ دہشت گرد کیمپوں پر انڈین ایرفورس کے حملوں کے بعد اپوزیشن کی طرف سے دیئے جانے والے بیانات پر صرف پاکستان کو ہی خوشی ہوئی ہے ۔ مودی نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن جماعتیں ان کے خلاف سازش کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’ میں دہشت گردی ختم کرنا چاہتا ہوں اور وہ (اپوزیشن) مجھے ختم کرنے کی سازش کررہی ہیں ۔ یہ نیا ہندوستان ہے وہ اپنے جوانوں کی ہلاکتوں پر خاموش نہیں رہے گا ۔ وزیراعظم نے بی جے پی کے مسلمانوں کی مخالف ہونے کے الزام کو بالواسطہ طور پر مسترد کرتے ہوئے اسلامی ممالک کی نظر میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی قدر و مقبولیت کا حوالہ دیا اور کہا کہ حج کوٹہ میں اضافہ اور سعودی جیلوں سے 850 ہندوستانی قیدیوں کی رہائی اس کی مثال ہے ۔

مودی نے مسلم ممالک کی تنظیم ’ اسلامی تعاون کانفرنس‘ میں وزیر خارجہ سشما سوراج کی شرکت کو ہندوستان کے لئے اعزاز قرار دیا اور کہا کہ ہندوستان کو پانچ دہائیوں بعد یہ اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ ان دہائیوں میں کانگریس اور اس کے حلیف ہی برسراقتدار تھے ۔ وزیراعظم مودی نے سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان کے حالیہ دورہ ہند کے موقع پر پیش کرکے ایک دلچسپ واقعہ کا تذکرہ کیا ۔ انہوں نے ولیعہد سے کہا تھا کہ اکثر ہندوستان سعودی عرب کے قوانین سے عدم واقفیت کی بنیاد پر چند معمولی جرائم کے مرتکب ہوئے ہیں اور سعودی جیلوں میں قید ہیں اور کچھ دیر بعد ہی ولیعہد محمد بن سلمان نے مسئلہ کی یکسوئی کردی ۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’ انہوں (محمد بن سلمان) نے کچھ وقت دینے کی خواہش کی تھی اور شام میں راشٹرپتی بھون میں ڈنر پر ملاقات ہوئی ۔ ولیعہد نے انہیں میٹھا لینے کیلئے کہا جس پر وہ (مودی) حیرت زدہ رہ گئے کہ آخر کس خوشی پر میٹھا لینے کیلئے کہا جارہا ہے ۔ شہزادہ نے جواب دیا کہ ’ ہم نے 850 ہندوستانی قیدیوں کو جیل سے رہا کرنے کا فیصلہ کردیا ہے ‘ ۔