مخلوعہ جائیدادوں پر عنقریب تقررات، 31 مارچ تک دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری
حیدرآباد۔/23 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے سرکاری اسکولوں میں انگلش میڈیم تعلیم کے آغاز کو حکومت کا ایک تاریخی فیصلہ قرار دیا۔ انہوں نے اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس قائدین ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیت کے غریب طلبہ کو انگلش میڈیم تعلیم سے محروم رکھنا چاہتے ہیں۔ ہریش راؤ نے سنگاریڈی کلکٹریٹ میں عہدیداروں کے ساتھ دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کارپوریٹ سطح کی تعلیم ہر غریب تک پہنچانے کیلئے کے سی آر حکومت نے انگلش میڈیم کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ میرا اسکول۔ میرا گاؤں ‘‘ اسکیم مثالی اسکیم ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں 100 دلتوں کو منتخب کرتے ہوئے دلت بندھو اسکیم کی مالی امداد حوالے کی جائے گی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ امدادی رقم استفادہ کنندگان کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کریں۔ اہل افراد کا انتخاب فروری کے پہلے ہفتہ میں مکمل کرلیا جائے گا اور مارچ کے پہلے ہفتہ میں اسکیم کے یونٹس پر کاموں کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حضورآباد ضمنی چناؤ کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے دلت بندھو اسکیم پر اندیشوں کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے مشن کاکتیہ اسکیم کی نقل کی ہے لیکن وہ دلت بندھو اسکیم کی نقل کرنے تیار نہیں ہے۔ ریاست میں عنقریب 53 اقامتی ایس سی ڈگری کالجس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیر قیادت ریاستوں میں اسکولی تعلیم پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے اور وہاں کے چیف منسٹرس تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے غیر ضروری بیانات دے رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کے سی آر کی عوامی مقبولیت سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عنقریب 20 ہزار ٹیچرس کی جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ بی جے پی نے ہر سال 2 کروڑ روزگار کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا لیکن وعدہ سے انحراف کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 31 مارچ تک تمام اسمبلی حلقوں میں دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری مکمل کرلی جائے گی۔ر