اپوزیشن جماعتیں منی پور پر مباحث میں شامل ہوں

   

Ferty9 Clinic

مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کی ہاتھ جوڑ کراپیل‘اپوزیشن کا آج احتجاج کا منصوبہ
نئی دہلی: منی پور میں نسلی تشدد پر پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس تعطل کا شکار رہا ہے وہیں مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے اتوار کو اپوزیشن جماعتوں سے ہاتھ جوڑ کر اس معاملے پر بحث میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ ٹھاکر نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ شمال مشرقی ریاست میں خواتین کے خلاف مظالم کے معاملے پر سیاست نہ کریں۔اپوزیشن جماعتوں نے منی پور کی صورتحال پر پیر کو پارلیمنٹ میں مشترکہ احتجاج کا منصوبہ بنایا ہے۔ وہ اس معاملے پر بحث شروع کرنے سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی سے پارلیمنٹ میں بیان دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حکومت کا اصرار رہا ہے کہ اس معاملے پر وزیر داخلہ امت شاہ بات کریں گے وزیر اعظم نہیں۔وزیر انوراگ ٹھاکر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ خواتین کے خلاف مظالم تکلیف دہ ہیں، خواہ متاثرین کا تعلق کسی بھی ریاست سے ہو۔ اس طرح کے واقعات کو روکنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔انھوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ایوان میں اس پر اچھی بحث ہو، جس میں تمام سیاسی جماعتیں شرکت کریں۔ کسی کو بھی بحث سے نہیں بھاگنا چاہیے۔ ہاتھ جوڑ کر اپوزیشن سے میری درخواست ہے بحث سے نہ بھاگیں۔منی پور کے معاملے پر احتجاج کے بارے میں پوچھے جانے پر ٹھاکر نے کہا کہ اپوزیشن بحث میں رہنے کے لیے یہ سب کچھ کرتی ہے، لیکن وہ بحث میں شامل ہونے کے لیے کچھ نہیں کرتی۔پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 20 جولائی کو شروع ہوا اور اس میں منی پور میں نسلی تشدد، خاص طور پر 4 مئی کو مبینہ طور پر شوٹ کی گئی ایک ویڈیو اور گزشتہ ہفتے ریاست میں خواتین کے خلاف مظالم کی منظر کشی کی گئی ویڈیو پر زبردست ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔