اپوزیشن قائدین کی آج عاپ کے جلسہ عام میں شرکت

   

اہم اپوزیشن قائدین کی جلسہ سے خطاب ، عام انتخابات سے قبل بی جے پی کو پریشان کرنے کی کوشش
نئی دہلی ۔ 12فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی حکومت کو آئندہ لوک سبھا انتخابات سے قبل پریشان کرنے کے مقصد سے اپوزیشن قائدین ایک عظیم الشان جلسہ عام میں جو عام آدمی پارٹی کے زیراہتمام جنترمنتر نئی دہلی پر آج منعقد کیا جائے گا ، شرکت کرنے کیلئے تیار ہیں تاکہ مختلف مسائل پر مودی حکومت کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا جائے ۔ یہ جلسہ عام اروند کجریوال کی جانب سے منعقد کیا جارہا ہے جس میں بی جے پی اور اس کے قائدین پر بشمول وزیراعظم نریندر مودی اور صدر بی جے پی امیت شاہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا ۔ امکان ہے کہ اس میں عام آدمی پارٹی دہلی کے کنوینر گوپال رائے نے کہا کہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی ، چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو ، سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا ، نیشنل کانفرنس کے قائد فاروق عبداللہ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار اس جلسہ عام میں شرکت کریں گے ۔ سماج وادی پارٹی ، ڈی ایم کے ، آر جے ڈی ، آر ایل ڈی اور دیگر پارٹیوں کے قائدین اس جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ اس سوال پر کہ کیا صدر کانگریس راہول گاندھی بھی جلسہ عام میں شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دعوت نامہ انہیں روانہ کردیا گیا ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے تمام اپوزیشن قائدین کو جلسہ عام میں شرکت کیلئے مدعو کیا ہے ۔