حکومت کی تبدیلی کے کوئی آثار نہیں، وزیر مال پی سرینواس ریڈی کا ردعمل
حیدرآباد۔2۔نومبر۔(سیاست نیوز) ریاست میں چیف منسٹر کی تبدیلی کے سلسلہ میں اپوزیشن قائدین کے تبصروں کو ریاستی وزیر مال مسٹر پی سرینواس ریڈی نے ’’چائے کی پیالی میں طوفان‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت میں تبدیلی کے کوئی آثار نہیں ہیں اور اپوزیشن قائدین کانگریس کے داخلی معاملات پر تبصرے کرتے ہوئے چیف منسٹر کی تبدیلی کی پیشن گوئیاں کرنے لگے ہیں۔ مسٹر پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کی تبدیلی کی اطلاعات مکمل طور پر بے بنیاد ہیں اور کانگریس ہائی کمان کی جانب سے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا جا ئے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر اے ریونت ریڈی آئندہ 5سال تک چیف منسٹر برقرار رہیں گے انہیں اس بات کا یقین کامل ہے۔ وزیر مال نے کہا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی اور بھارت راشٹرسمیتی کے قائدین بے بنیادپروپگنڈہ کے ذریعہ حکومت کو عدم استحکام کا شکار بنانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ انہو ں نے سیاسی بم کے سلسلہ میں کہا کہ وہ جنوبی کوریا کے دوران جو تبصرہ کئے تھے اس پر قائم ہے اور آئندہ دو یوم کے دوران سیاسی دھماکوں کی توقع کی جاسکتی ہے۔ وزیر نے بتایا کہ تلنگانہ میں حکومت مکمل طور پرمستحکم ہے اور آئندہ 5سال چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی قیادت میں حکومت عوام کے مکمل اعتماد کے ساتھ کام کرے گی اس میں کسی کو کوئی شبہ نہیں ہونا چاہئے ۔3