اپوزیشن متحد ہوتو بی جے پی 50 سیٹوں تک گھٹ جائیگی

,

   

چیف منسٹر بہار نتیش کمار کا دورہ دہلی سے قبل 2024 ء کے الیکشن کے بارے میں دعویٰ

نئی دہلی : چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کہا کہ اگر تمام اپوزیشن پارٹیاں مل کر الیکشن لڑیں تو 2024 ء کے انتخابات میں بی جے پی 50 نشستوں تک گھٹ جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں کام کررہے ہیں ۔ نتیش کمار نے گزشتہ ماہ جب سے بی جے پی سے دوری اختیار کرلی اور پھر اپنے پرانے حلیفوں کے ساتھ مل کر نئی حکومت تشکیل دی ، قومی سطح پر ان کے ممکنہ رول کے تعلق سے سیاسی باتیں زوروں پر ہیں ۔ تیجسوی یادو کی آر جے ڈی اور کانگریس موجودہ بہار حکومت میں نتیش کمار کے ساتھ ہیں ۔ نتیش نے فی الحال اپنے مستقبل کے عزائم کے تعلق سے سوالات کو ٹالے رکھا ہے ۔ تاہم اپوزیشن کے اتحاد کیلئے ان کی تازہ اپیل سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مستقبل میں قومی رول کا منصوبہ رکھتے ہیں ۔ پٹنہ میں انہوں نے اپنی پارٹی جے ڈی یو کی ایکزیکٹیو میٹنگ میں جو تقریر کی ، اس سے یہی باتیں ابھرتی ہیں ۔ میٹنگ میں دو قراردادیں منظور کی گئیں ۔ ایک میں نتیش کمار کو اپوزیشن کے اتحاد کیلئے کام کرنے کا مجاز گردانا گیا اور دیگر میں کہا 

گیا کہ ملک میں بی جے پی حکمرانی کے تحت غیرمعلنہ ایمرجنسی نافذ ہے ۔ قبل ازیں اخباری نمائندوں سے بات چیت میں نتیش کمار نے تصدیق کی کہ وہ دہلی کا دورہ کرنے والے ہیں تاکہ مخالف بی جے پی محاذ کیلئے دیگر پارٹیوں کے سرکردہ قائدین سے ملاقات کی جاسکتی ہے ۔ نتیش کا 3 روزہ دورہ پیر کو شروع ہوگا ۔ منی پور میں 6 کے منجملہ 5 جے ڈی یو ارکان اسمبلی کی بی جے پی میں شمولیت کے بارے میں نتیش نے کہا کہ ان ایم ایل ایز نے چند روز قبل مجھ سے ملاقات کی تھی ۔ تب تک سب ٹھیک تھا ۔ آپ سوچیئے کہ بی جے پی کس طرح جوڑ توڑ کررہی ہے۔