مودی حکومت میں دستور کو خطرہ لاحق ، ، اپوزیشن قائدین کے تاثرات
نئی دہلی : چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے ایک بار پھر اپوزیشن اتحاد پر زور دیاہے ۔ ہفتہ کو پٹنہ میں سی پی آئی۔ایم ایل کے اجلاس میں نتیش نے کہا کہ اب کانگریس کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ 2024 میں کیا حکمت عملی ہونی چاہئے اور اپوزیشن اتحاد کو کیسے مضبوط کیا جائے۔ اگر کانگریس اس پر راضی ہو جاتی ہے تو 2024 میں بی جے پی 100 سے کم پارلیمانی سیٹوں تک محدود ہو جائے گی۔نتیش کے مشورے پر کانگریس لیڈر سلمان خورشید نے جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نتیش کمار جی، آپ جو سوچتے ہیں، کانگریس بھی سوچتی ہے۔ ڈپٹی سی ایم تیجسوی یادو اور جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ نے بھی چیف منسٹر نتیش کمار کے ساتھ سی پی آئی۔ایم ایل کے کنونشن میں شرکت کی۔ نتیش کمار نے سی پی آئی۔ایم ایل کے فورم میں کہا کہ اپوزیشن اتحاد کی مشق جاری ہے۔آپ کے فیصلے کا انتظار ہے۔ کئی جماعتیں متحد ہونے کو تیار ہیں۔ بس آپ کے فیصلے کا انتظار ہے۔ اگر آپ ملک کے مفاد میں سوچیں گے تو نہ صرف آپ کو فائدہ ہوگا بلکہ آپ کے دوست کو بھی فائدہ ہوگا۔ نتیش کمار نے کانگریس سے کہا کہ ہمیں کچھ نہیں چاہیے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہر کوئی متحد ہو کر 2024 لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کا مقابلہ کرے۔ پہلے بھی ساتھ چلتے تھے، آئندہ بھی ساتھ چلیں گے۔ سلمان خورشید یہاں موجود ہیں ۔ ہم نے دہلی جا کر اپوزیشن کے اتحاد کا پیغام دیا۔ اب ہم کانگریس کا انتظار کر رہے ہیں۔کانگریس کے سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید نے نتیش کمار کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کی بات ہائی کمان تک پہنچائیں گے، میں ایک وکیل ہوں، میں آپ کی وکالت کروں گا۔سی پی آئی۔ایم ایل کے نیشنل جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ نے کہا کہ آج مرکز کی حکومت میں ملک کا دستور خطرے میں ہے۔ ایسے میں ملک کی تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد ہونا پڑے گا اور وقت بہت کم ہے۔ 2024 کے انتخابات سے قبل اپوزیشن کا اتحاد ضروری ہے۔ بہار کے ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی نے کہا کہ بی جے پی مندر، مسجد، گائے پر بحث کرتی ہے ۔ نفرت کی سیاست کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ ملک کسی کے باپ کا نہیں، جو مسلمانوں سے حق رائے دہی چھین سکے۔بی جے پی اور آر ایس ایس منوسمرتی اور گولوالکر کے نظریہ کو آئین بنانا چاہتے ہیں، لیکن ملک کے عوام اسے کبھی مکمل نہیں ہونے دیں گے۔ ریاستی کابینہ کی توسیع کے بارے میں تیجسوی نے کہا کہ ہم سب کانگریس کا انتظار کر رہے ہیں۔ نتیش کمار نے حال ہی میں اپوزیشن اتحاد کو متحد کرنے کی مشق شروع کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ کانگریس کے بغیر بی جے پی کو شکست نہیں دی جاسکتی۔ اس کے لیے کانگریس کو اپنے اپوزیشن اتحاد میں شامل کرنا ہوگا۔ کچھ قائدین نے اتفاق کیا اور بعض دیگر نے اختلاف کیا۔ گذشتہ سال آر جے ڈی کے سرپرست اعلیٰ لالو پرساد یادو کے ساتھ نتیش کمار کانگریس کی لیڈر سونیا گاندھی سے ملنے دہلی گئے تھے، لیکن سونیا گاندھی سے ملاقات نہیں ہوپائی تھی ۔ تب یہ قیاس کیا گیا تھا کہ کانگریس نتیش کمار کے فارمولے سے متفق نہیں ہے۔تاہم بعد کی مدت میں کانگریس نے واضح اشارہ دیا کہ وہ اپوزیشن اتحاد کا حصہ بننے تیار ہے ۔