نئی دہلی:بہار کے وزیراعلی نتیش کمار نے کہا کہ اگر اپوزیشن پارٹیاں مل کر آئندہ لوک سبھا الیکشن لڑیں تو انہیں کامیابی ملے گی اور ملک صحیح سمت جائے گا۔ یہ اتحاد ملک کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے این سی پی کے سربراہ شرد پوار سے ممبئی میں ایک میٹنگ کے بعد میڈیا سے خطاب کر تے ہوئے یہ بیان دیا۔ اس موقع پر بہار کے نائب وزیراعلی تیجسوی یادو بھی موجود تھے۔ ملک میں 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے اپوزیشن کے اتحاد کو مضبوط کرنے کی کوشش میں بہار کے وزیر اعلیٰ اور جنتا دل (یونائیٹڈ) کے رہنما نتیش کمار نے جمعرات کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سپریمو شرد پوار اور شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما ادھو ٹھاکرے سے ممبئی میں ملاقات کی۔ اس سے قبل وہ جھاڑکھنڈ اور اڑیسہ بھی گئے جہاں اپنے ہم منصب سے ملاقاتیں کی۔