اپوزیشن کا وزارت عظمیٰ امیدوار کون؟ امیت شاہ کا سوال

   

آندھرا پردیش میں این ڈی اے اتحاد کی انتخابی مہم میں شرکت

حیدرآباد۔/5مئی، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ آندھرا پردیش میں غنڈہ گردی کے خاتمہ کیلئے بی جے پی نے تلگودیشم اور جنا سینا سے اتحاد کیا ہے۔ تینوں پارٹیوں کا اتحاد برسراقتدار آئے گا اور ریاست ترقی کی راہ پر گامزن ہوگی۔ امیت شاہ نے آج آندھرا پردیش میں بی جے پی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اور سری ستیہ سائی ضلع کے دھرما ورم میں انتخابی ریالی سے خطاب کیا۔ امیت شاہ کی اس ریالی میں تلگودیشم کے سربراہ چندرا بابو نائیڈو اور دیگر قائدین موجود تھے۔ امیت شاہ نے امراوتی کو دوبارہ آندھرا پردیش کا دارالحکومت بنانے کا وعدہ کیا اور کہا کہ جگن موہن ریڈی حکومت نے اراضی کے حصول کے سلسلہ میں جو ناانصافیاں کی ہیں ان کا خاتمہ ہوگا۔ مرکز میں بی جے پی اور آندھرا پردیش میں چندرا بابو نائیڈو برسراقتدار آنے پر دو برسوں میں پولاورم پراجکٹ مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کو چیف منسٹر بنانے کی عوام سے اپیل کی۔ امیت شاہ نے انڈیا الائنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ انڈیا الائنس کی جانب سے وزیر اعظم کے عہدہ کا امیدوار کون ہے راہول گاندھی، ممتا بنرجی، شرد پوار اور اسٹالن وزارت عظمیٰ کے دعویدار ہیں۔ اسی دوران چندرا بابو نائیڈو نے امیت شاہ سے خصوصی ملاقات کی اور آندھرا پردیش کی سیاسی صورتحال سے واقف کرایا۔ اطلاعات کے مطابق امیت شاہ نے انٹلیجنس رپورٹ کی بنیاد پر آندھرا پردیش میں این ڈی اے اتحاد کے اقتدار کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اور لوک سبھا دونوں میں اتحادی پارٹیوں کو سابق سے کہیں زیادہ نشستیں حاصل ہوں گی۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کی انتخابی مہم کی ستائش کی۔1