اپوزیشن کا کردار مثبت، تعمیری اور جوابدہی والا ہونا چاہئے

   

ریاستی مقننہ میں جتنی زیادہ بحث ہوگی اُتنے ہی بہتر قوانین بنائے جائیں گے : لوک سبھا اسپیکر اوم برلا

گاندھی نگر : لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج گاندھی نگر میں گجرات قانون ساز اسمبلی کے اراکین کیلئے منعقدہ اورینٹیشن پروگرام کا افتتاح کیا۔ گجرات کے وزیراعلی بھوپیندر رجنی کانت پٹیل ، گجرات قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر شنکر چودھری اور کئی دیگر معززین نے اس تقریب میں شرکت کی۔ اورینٹیشن پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ گجرات کی 15ویں قانون ساز اسمبلی نوجوانوں کی طاقت اور تجربے کا انوکھا امتزاج ہے ۔ انہوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ قانون ساز اسمبلی میں 82 نومنتخب اراکین ہیں اور 15 خواتین منتخب ہوئی ہیں جن میں سے 8 پہلی بار ممبر بنی ہیں۔ منتخب نمائندوں کے کردار ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ عوام کے نمائندے ہونے کے ناطے ان پر رائے دہندوں کے مسائل حل کرنے کی بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ اس لیے مقننہ میں بحث اور مکالمہ ہونا چاہیے اور بحث کی سطح بلند ترین سطح کی ہونی چاہیے ۔ مسٹر برلا نے کہا کہ ریاستی مقننہ میں بحث اور مکالمے کی سطح جتنی زیادہ ہوگی، اتنے ہی بہتر قوانین بنائے جائیں گے۔ ایوان میں بامعنی بحث کرنے کیلئے ضروری ہے کہ اراکین قواعد و ضوابط سے واقف ہوں۔ اس لیے ایوان کو بحث اور مکالمے کا ایک موثر مرکز بننا چاہیے تاکہ ہماری جمہوریت مزید مضبوط ہوسکے ۔ پریزائیڈنگ افسروں کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ ایوان کے وقار کو بڑھانے کی سمت میں کام کرنا پریذائیڈنگ افسر کی ذمہ داری ہے ۔ ایوانوں میں بحث کی سطح میں گراوٹ اور ایوان کے وقار میں گراوٹ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔ ایک بہترین قانون ساز وہ ہوتا ہے جو بہترین معیار کے مباحثوں اور مکالموں میں حصہ لیتا ہے اور ایوان کا وقار بڑھاتا ہے ۔ اراکین کو چاہیے کہ وہ حقائق کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کریں کیونکہ بے بنیاد الزامات پر مبنی دلائل جمہوریت کو نقصان پہنچاتے ہیں۔جمہوریت میں اپوزیشن کے کردار پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ اپوزیشن کا کردار مثبت، تعمیری اور حکمرانی میں جوابدہی کو یقینی بنانا چاہیے ۔ لیکن جس طرح منصوبہ بند طریقے سے ایوانوں کی کارروائی میں رکاوٹیں ڈال کر ایوانوں کی کارروائی ملتوی کرنے کی روایت قائم کی جا رہی ہے، وہ جمہوریت کیلئے مناسب نہیں ہے ۔