ممبئی: مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے ) کے رہنماؤں نے اسمبلی عمارت کی سیڑھیوں پر بھارتیہ جنتا پارٹی-شیو سینا (شنڈے دھڑے ) کی حکومت کے خلاف احتجاج کیا اور کئی مقامات پر غیر موسمی بارش سے متاثر کسانوں کے لیے فوری معاوضہ کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن لیڈروں نے کہا کہ ریاست میں بے موسمی بارش سے کسانوں کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے اور کسانوں کی کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔اپوزیشن لیڈر اجیت پوار سمیت ایم وی اے کے لیڈروں نے کہا کہ حکومت کو بلا تاخیر غیر موسمی بارشوں سے متاثرہ کسانوں کے کھیتوں کے بارے میں سروے کرنا چاہئے اور فصلوں کے نقصان کا فوری معاوضہ دینا چاہئے ۔اپوزیشن رہنما کافی دیر تک اسمبلی کی سیڑھیوں پر بیٹھ کر حکمران جماعت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔ ایم وی اے کے قانون سازوں نے کہاکہ “ہمارے کسان بھوکے مر رہے ہیں… معاوضے کا اعلان کریں ورنہ وزیر کو استعفیٰ دینا چاہیے ۔”چونکہ یہ بجٹ اجلاس کا تیسرا ہفتہ ہے ، قائد حزب اختلاف اجیت پوار اور امباداس دانوے کی قیادت میں قانون سازوں نے بغیر کسی تاخیر کے غیر موسمی بارش سے متاثر کسانوں کو راحت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسمبلی کے سیڑھیوں پر حکومت کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔