نئی دہلی: لوک سبھا میں اڈانی معاملے پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے مطالبے پر اپوزیشن کے زبردست ہنگامے کے باعث چہارشنبہ کو ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی گئی۔جیسے ہی پریزائیڈنگ آفیسر رما دیوی نے التوا کے بعد 2 بجے ایوان کی کارروائی شروع کی تو اپوزیشن ارکان نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر ٹیبل کے سامنے نعرے بازی شروع کردی۔ اپوزیشن ارکان نے جے پی سی کا مطالبہ کرتے ہوئے زبردست نعرے بازی کی۔پریزائیڈنگ آفیسر نے ہنگامہ آرائی کے درمیان ضروری کاغذات میز پر رکھوائے ۔ ہنگامہ آرائی کے درمیان مرکزی وزیر برائے ماہی پروری، حیوانات اور ڈیری پروشوتم روپالا نے کوسٹل ایکوا کلچر اتھارٹی ترمیمی بل، 2023 کو پیش کیا۔پریزائیڈنگ افسر کی بار باردرخواست کے بعد اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر نہیں گئے جس کے باعث ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔اس سے پہلے جیسے ہی پریزائیڈنگ آفیسر راجندر اگروال نے صبح 11 بجے ایوان کی کارروائی شروع کرتے ہوئے وقفہ سوال شروع کیا، اپوزیشن کے ارکان نے ہنگامہ اور نعرہ لگاتے ہوئے کرسی کے سامنے آگئے ۔