اپوزیشن کی اسکیمات اور ناموں کی برقراری کی روایت حوصلہ افزاء

   

چیف منسٹر ٹاملناڈو اسٹالن کو ہنمنت راؤ کا مکتوب
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سابقہ حکومت کی پالیسیوں اور قائدین کے ناموں کی عدم تبدیلی سے متعلق فیصلہ پر مبارکباد پیش کی ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں ڈی ایم کے چیف منسٹر کی حیثیت سے اسٹالن نے انقلابی قدم اٹھایا ہے جو سیاسی جماعتوں میں بہتر روابط اور عوام کی ترقی کا ضامن رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کے اسٹالن نے اپوزیشن انا ڈی ایم کے کی جانب سے حکومت کے خلاف مہم کے باوجود سابق حکومت کی تمام اسکیمات اور اسکیمات سے موسوم ناموں کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہاکہ اس فیصلہ سے قومی سطح پر سیاست کا نظریہ تبدیل ہوگا اور سیاسی جماعتوں کو یہ احساس ہوگا کہ عوام کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔ اسکیمات میں تبدیلی یا پھر ناموں کو دوسرے ناموں سے تبدیل کرنا صحتمند جمہوری روایات کے برخلاف ہے۔ R

عام طور پر دیکھا جاتا ہے کہ جو پارٹی برسراقتدار آتی ہے وہ اپنی پسند کی اسکیمات اور ناموں کو ترجیح دیتی ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ اگرچہ سابق حکومت نے انتہائی جانبداری کا مظاہرہ کیا تھا لیکن اسٹالن نے ایک مثالی قدم اٹھایا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ قومی سطح پر برسراقتدار پارٹی کی جانب سے سابقہ حکومتوں کے قومی قائدین کی توہین کی جارہی ہے۔ ہنمنت راؤ نے ٹاملناڈو کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ملک بھر میں سیاسی جماعتیں اسی روایت کو اختیارکریں گی۔R