اپوزیشن کی رکاوٹوں کے باوجود کالیشورم پراجکٹ کی ریکارڈ تکمیل

   

متحدہ میدک ضلع کیلئے کونڈہ پوچماں ساگر سے پانی کی اجرائی، ہریش راؤ کا خطاب

حیدرآباد۔/19 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے میدک کے چیگنٹہ اور رامائم پیٹ منڈلوں کی آبپاشی ضرورتوں کی تکمیل کیلئے آج کونڈہ پوچماں ساگر سے پانی جاری کیا۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں نے آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کی راہ میں کئی رکاوٹیں کھڑی کی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کالیشورم لفٹ اریگیشن اسکیم کی نہ صرف تکمیل کی بلکہ اطراف کے اضلاع کے لئے آبپاشی ضرورتوں کا انتظام کیا۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم ملک کا سب سے بڑا آبپاشی پراجکٹ ہے جو مقررہ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے تمام رکاوٹوں کا مقابلہ کرتے ہوئے عزم مصمم کے ذریعہ سابق میدک ضلع کے علاقوں میں آبپاشی کیلئے پانی کا انتظام کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوداوری سے پانی سیراب کیا جارہا ہے اور اس علاقہ میں پانی کا حصول انتہائی دشوار کن ہوچکا تھا۔ 400 تا 500 میٹر گہرائی کے باوجود پانی کا حصول ممکن نہیں تھا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کونڈہ پوچماں ساگر پراجکٹ سے پانی کی اجرائی کے ذریعہ سال بھر آبپاشی ضرورتوں کی تکمیل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ رامائم پیٹ اور دوباک علاقوں کو کانگریس اور تلگودیشم دور حکومت میں انتہائی پسماندہ رکھا گیا تھا۔ کے سی آر نے کونڈہ پوچماں ساگر پراجکٹ کے ذریعہ علاقوں کو سرسبز و شاداب بنایا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کے سی آر حکومت ہمیشہ کسانوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ مرکزی حکومت نے زرعی بورویلس کیلئے برقی میٹرس نصب کرنے کا دباؤ بنایا لیکن چیف منسٹر نے انکار کیا جس کے نتیجہ میں 30 ہزار کروڑ کے بقایا جات جاری نہیں کئے گئے۔ رکن پارلیمنٹ پربھاکر ریڈی اور رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی اس موقع پر موجود تھے۔ر