اپوزیشن کی ٹرک نہیں چلے گی اور بی آر ایس کی ہیٹ ٹرک ہوگی

   

عوام دھوکہ باز جماعتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنا مستقبل خراب نہ کریں : ہریش راؤ

حیدرآباد ۔ 26 اگست (سیاست نیوز) وزیرفینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی کتنی بھی ٹرکس کرلیں ریاست میں بی آر ایس کی ہیٹ ٹرک کو کوئی بھی طاقت نہیں روک سکتی۔ کے سی آر مسلسل تیسری مرتبہ چیف منسٹر کا حلف لیتے ہوئے جنوبی ہند میں ایک نئی تاریخ بنائیں گے۔ اسمبلی حلقہ سدی پیٹ کے مختلف مقامات پر ہریش راؤ نے ترقیاتی کاموں میں حصہ لیا اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کے پاس لیڈر نہیں ہے اور بی جے پی کے پاس کیڈر نہیں ہے۔ رائے دہی سے قبل بی آر ایس کامیاب ہوچکی ہے۔ کانگریس اور بی جے پی دوسرے اور تیسرے مقام کیلئے مقابلہ کررہے ہیں اور جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے حکومت اور چیف منسٹر کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن تلنگانہ کی عوام باشعور ہیں۔ آزادی کے 70 سال میں جو ترقیاتی اور فلاحی کام نہیں ہوئے، وہ تمام کام چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں انجام دیئے گئے ہیں۔ تلنگانہ کے عوام حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات کانگرسی اور بی جے پی کی زیرقیادت ریاستوں میں موجود نہیں ہیں۔ دونوں جماعتوں کے قائدین تلنگانہ کے عوام کو لبھانے کیلئے بڑی بڑی اسکیمات کا اعلان کررہے ہیں مگر جن ریاستوں میں ان کی حکومتیں ہیں وہاں ان وعدوں پر کوئی عمل نہیں کیا جارہا ہے۔ ہریش راؤ نے کانگریس اور بی جے پی کے جھوٹے وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے دھوکہ نہ کھانے کا عوام کو مشورہ دیا۔ بی آر ایس کے تمام امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اسمبلی حلقہ سدی پیٹ کے مختلف گرام پنچایتوں میں بی آر ایس کو کامیاب بنانے کی قرارداد منظور کرنے پر اظہارتشکر کیا۔ن